قمبر میں قتل کی گئی صدف حاصلو کا قاتل گرفتار

IMG-20250530-WA0004

دادو و قمبر پولیس نے حساس معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے قمبر کے قریب قتل کی گئی لیڈی ٹیچر صدف حاصلو کے قاتل کو خیرپورناتھن شاہ کے قریب سے گرفتار کرلیا۔

دو اضلاع کی پولیس کی جانب سے خیرپوناتھن شاہ کے قریبی گاؤں سندھی بٹڑا میں حساس اداروں کی نشاندہی پر مشترکہ کارروائی کی گئی، جس میں قاتل کو گرفتار کیا گیا۔

ڈیڑھ ماہ قبل قمبر کے قریب پرائمری اسکول ٹیچر صدف حاصلو کو ان کے منگیتر پولیس اہلکار فرید حاصلو نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) دادو سعود مگسی کے مطابق فرید حاصلو کو گائوں سندھی بٹڑا کے رہائشی وکیل عبدالقادر کھوسو کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا۔

مفرور ملزم کو پناہ دینے کے جرم میں گھر کے مالک وکیل عبدالقادر کھوسو کو بھی گرفتار کرلیا گیا، ملزم فرید حاصلو کو قمبر شھدادکوٹ منتقل کردیا گیا۔

ملزم پر قمبرشہدادکوٹ پولیس کی جانب سے 25 لاکھ روپئے انعام رکھا گیا تھا جبکہ گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بینچ لاڑکانہ میں صدف حاصلو قتل کیس کی سماعت پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن بھی عدالت میں پیش ہوئے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے دیگر اداروں سے مدد حاصل کر رہے ہیں۔