سانگھڑ میں ظلم کا نشانہ بننے والی اونٹنی کو مصنوعی ٹانگ لگا دی گئی

ضلع سانگھڑ میں ظلم کا نشانہ بننے والی اونٹنی کو مصنوعی ٹانگ لگانے کا تجربہ کامیاب ہوگیا، جس کے بعد وہ اپنے پیروں پر کھڑی ہوگئی۔
گزشتہ سال اونٹنی کی ٹانگ کاٹی گئی تھی جس کے بعد اس کی مصنوعی ٹانگ لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اعضا تیار کرنے والی مقامی کمپنی سی ڈی آر ایس بینجی پراجیکٹ شیلٹر کے ماہرین نے اونٹنی کا معائنہ کیا تھا اور اس کی مصنوعی ٹانگ پاکستان ہی میں تیار کی گئی تھی۔
تقریباً ایک برس کے بعد مصنوعی اعضا تیار کرنے والی کمپنی بائیونکس نے اونٹنی کو نہ صرف مصنوعی ٹانگ لگانے کا تاریخی سنگ میل عبور کیا بلکہ اسے اپنی مصنوعی ٹانگ پر کھڑا بھی کردیا۔
مصنوعی ٹانگ کاربن فائبر، اسٹیل اور ایئرکرافٹ ایلمونیم سے تیار کی گئی جسے زخم مندمل ہونے کے بعد لگایا گیا۔
جون 2024 میں اونٹنی کے مالک سومربَھَن کے مطابق ان کی اونٹنی ایک وڈیرے کی زرعی زمین میں چلی گئی تھی جس کے بعد وڈیرے نے مبینہ طور پر ملازمین کے ہمراہ کیمی پر تشدد کیا اور پھر تیز دھار آلے سے اس کی ٹانگ کاٹ دی۔