گھوٹکی میں ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت کی لاش گھر سے برآمد

ضلع گھوٹکی میں سوشل میڈیا اسٹار و ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت کی لاش گھر سے برآمد ہونے کے بعد مقتولہ کے بیٹیوں نے ماں کے سابق شوہر سمیت دو افراد پر قتل کا الزام عائد کردیا۔
گھوٹکی کے ممتاز شاہ محلے کی رہائشی ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت کی لاش کو لوڈر رکشہ پر اسپتال منتقل کیا گیا، ان کی لاش منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس تک دستیاب نہ تھی۔
پولیس کے مطابق سمیرا کے پوسٹ مارٹم اور ورثا کی فریاد کے بعد قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا، دوسری جانب ٹک ٹاکر کی اپنی ممکنہ موت کے حوالے سے ریکارڈ کرائی گئی ویڈیو بھی سامنے آگئی، جس میں وہ علی رضا نامی شخص کو اپنی موت کا ذمہ دار قرار دیتی دکھائی دیتی ہیں۔
سمیرا راجپوت نے چند روز قبل ریکارڈ کرائے گئے مذکورہ بیان میں واضح کیا تھا کہ اگر اسے کچھ ہوا تو اس کے پیچھے علی رضا کا ہاتھ ہوگا۔
ادھر مقتولہ کے بھائی صدام نے بھی بہن کے قتل کا الزام سابق شوہر علی رضا اور ایک نوجوان عمران پر عائد کیا ہے، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شک کی بنیاد پر علی رضا کو حراست میں لے لیا۔