سندھ حکومت کا کراچی سے سکھر تک نئی اربن ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ

images (1)

سندھ حکومت نے وفاقی وزارت ریلوے کے تعاون سے صوبائی دارالحکومت کراچی سے روہڑی تا سکھر تک شارٹ روٹ پر مزید برق رفتار ٹرینیں چلانے کا منصوبہ تیار کرلیا۔

اس ضمن میں صوبائی وزیر توانائی و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے بتایاکہ سندھ حکومت عوام کی سفری سہولیات بہتر بنانے کیلئے کراچی سے سکھر تک سب اربن ریلوے سروسز متعارف کرانے کی تجویز زیر غور ہے جب کہ روہڑی تا سکھر بھی مختصر روٹ پر ٹرین چلائی جائے گی۔

یہ اعلان محکمہ توانائی میں پاکستان ریلوے کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا گیا، جس کی قیادت چیئرمین/سیکریٹری پاکستان ریلوے سید مظہر الاسلام کر رہے تھے۔

وفد میں سی او ریلوے عامر علی بلوچ اور ڈی ایس ریلوے کراچی ریحان لاکھو بھی شامل تھے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ یہ منصوبہ روزانہ لاکھوں افراد کو فائدہ پہنچائے گا، انٹراسٹی بسوں پر رش کم ہوگا اور عوام کو آسان اور سستی سفری سہولت میسر آئے گی۔ لاہور ماڈل کی طرز پر یہ سروس سندھ حکومت اور پاکستان ریلوے کا مشترکہ اقدام ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے کیلئے سندھ حکومت اپنا حصہ مکمل کرچکی ہے، جبکہ ریلوے لائن کے اطراف تجاوزات ہٹانے کا عمل نامعلوم وجوہات کی بنا پر رک گیا ہے۔ انہوں نے ریلوے حکام کے ساتھ مشترکہ کمیٹی بنانے کی تجویز دی تاکہ رکے ہوئے منصوبوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔

اجلاس میں ریلوے اسٹیشنز کی بہتری، حساس ریلوے کراسنگز کی اپ گریڈیشن، اسٹیشنز کو گود لینے کی تجاویز اور ریلوے لائن کے گرد صفائی اور گرین بیلٹ بنانے پر بھی غور کیا گیا۔