سانگھڑ میں کار سے صحافی خاور حسین کی لاش برآمد، خودکشی کا شُبہ، تحقیقات کا حکم

سانگھڑ میں حیدرآباد روڈ پر کار سے ڈان نیوز چینل سے وابستہ صحافی خاور حسین کی لاش ملی ہے۔ ان کے سر میں گولی لگی تھی جبکہ جائے وقوعہ سے پستول بھی برآمد ہوا۔
ان کا آبائی تعلق سانگھڑ سے تھا، وہ صحافت کی غرض سے صوبائی دارلحکومت کراچی میں مقیم تھے اور چند سال سے ڈان نیوز چینل سے وابستہ تھے، پہلے وہ دوسرے نشریاتی اداروں کے ساتھ بھی کام کرتے رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق خاور حسین نے مبینہ طور پر خود پر فائر کرکے خودکشی کی۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سانگھڑ عابد علی بلوچ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) حیدرآباد فیصل بشیر میمن نے بتایا کہ برآمد ہونے والا اسلحہ خاور حسین کا اپنا تھا جو وہ ذاتی حفاظت کے لیے رکھتے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں وہ اکیلے نظر آئے اور کسی دوسرے شخص کی موجودگی ثابت نہیں ہوئی۔
خاور حسین جائے وقوعہ کے قریب ایک ہوٹل کے واش روم دو بار گئے اور پھر گاڑی میں واپس آکر بیٹھے۔ کچھ دیر بعد جب ہوٹل کا چوکیدار گاڑی کے قریب گیا تو اندر خاور حسین کی گولی لگی لاش موجود تھی۔
ڈی آئی جی فیصل بشیر کے مطابق خاور حسین ڈپریشن کا شکار لگ رہے تھے۔
مئی میں انہوں نے اپنے والدین کو امریکا منتقل کیا تھا۔ وہ سانگھڑ میں اپنے بہنوئی کے گھر مجلس میں شرکت کے لیے آئے تھے لیکن مجلس میں شریک نہیں ہوئے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں، اسلحہ فارنزک لیب بھجوا دیا گیا ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی حتمی وجہ سامنے آئے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق تحقیقات ایک سینئر افسر کے سپرد کردی گئی ہیں تاکہ موت کی اصل وجہ سامنے آسکے۔
ایس ایس پی سانگھڑ عابد علی بلوچ کی نگرانی میں خاور حسین کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ فنگر پرنٹس محفوظ کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔ صحافی کے والدین امریکا سے پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے ہیں اور لاش کو حیدرآباد سردخانے منتقل کردیا گیا۔