صنم ماروی اور احمد شاہ کے درمیان تنازع ختم، صلح ہوگئی

IMG-20250818-WA0003

صدر آرٹس کونسل کراچی احمد شاہ اور معروف گلوکارہ صنم ماروی کے درمیان تنازع بالآخر ختم ہوگیا۔ صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی مداخلت سے دونوں جانب کی شکایات اور تحفظات دور کردیے گئے۔

اس موقع پر سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ "میں نے اور نورالہدیٰ شاہ نے دونوں طرف سے معاملہ بہتر انداز میں حل کرنے کی کوشش کی، اب جو باتیں تھیں وہ ختم ہوچکی ہیں۔” معروف ڈرامہ نگار نورالہدیٰ شاہ نے کہا کہ وہ دونوں طرف سے عزت ملنے پر مشکور ہیں۔

احمد شاہ نے کہا کہ "آرٹس کونسل فنکاروں کا ہے اور ہم ہمیشہ فنکاروں کی عزت کرتے ہیں۔ جو معاملات ہوئے انہیں ہم ختم کر رہے ہیں، ہم صنم ماروی کی عزت کرتے ہیں۔” گلوکارہ صنم ماروی نے بھی سندھ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی بے پناہ سپورٹ پر مشکور ہیں۔

یاد رہے کہ یہ تنازع چند روز قبل اس وقت شروع ہوا تھا جب صنم ماروی نے احمد شاہ کے خلاف قانونی نوٹس بھیجا تھا۔ نوٹس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ 10 اگست کو سکھر کے جناح میونسپل اسٹیڈیم میں ہونے والے سرکاری کنسرٹ میں احمد شاہ نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی، انہیں دھکے دیے گئے اور دھمکیاں بھی دی گئیں۔ صنم ماروی نے مؤقف اپنایا تھا کہ منتظمین نے جان بوجھ کر ان کی کالز کا جواب نہیں دیا، انہیں اسٹیج پر آنے سے روکا گیا اور عوامی طور پر ان کی تضحیک کی گئی۔ نوٹس میں عوامی معافی اور پانچ کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور بصورتِ دیگر سول و فوجداری کارروائی کی تنبیہ دی گئی تھی۔

دوسری جانب احمد شاہ نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ صنم ماروی وقت پر کنسرٹ میں نہیں پہنچیں اور پرفارمنس کے مقررہ وقت کو نظرانداز کیا۔ انہوں نے ان الزامات کو "جھوٹ کا پلندہ” قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

چند دنوں تک جاری رہنے والی اس کشیدگی کے بعد بالآخر صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت کی مداخلت سے معاملہ ختم ہوگیا اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کو عزت دینے کے اعلان کے ساتھ تنازع خوش اسلوبی سے سلجھ گیا۔