سندھ بھر میں بارشیں، نکاسی آب نہ ہونے سے زندگی مفلوج، کراچی سب سے زیادہ متاثر

images (1)

سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشیں ہونے کی وجہ سے نظامِ زندگی متاثر ہے جب کہ زیادہ تر شہروں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، بینظیرآباد اور میرپورخاص ڈویژن کے متعدد شہروں اور دیہات میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

صوبائی دارالحکومت کراچی میں شدید بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

نکاسیِ آب کے ناقص انتظامات کھل کر سامنے آگئے اور کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود پانی سڑکوں پر جمع رہا۔

مختلف علاقوں میں برساتی پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا جس نے شہریوں کی زندگی مزید مشکل بنا دی۔

ٹریفک جام، گھنٹوں کی تاخیر اور بجلی کی بندش نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا، جبکہ شہری بلدیاتی اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے نظر آئے۔

ماہرینِ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے پیشِ نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ کراچی ڈویژن میں سندھ حکومت نے تعلیمی ادارے بھی بند کردیے۔