سندھ پولیس کے ایس ایس پی اور سندھ حکومت کی ترجمان کے گھر میں ڈکیتی، ملزمان کروڑوں روپے نقد اور سونا لے گئے

IMG-20250824-WA0000

صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مسلح ملزمان سندھ پولیس کے افسر توحید الرحمٰن اور سندھ حکومت کی ترجمان سیدہ اقربا کے بنگلے میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 2 کروڑ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور غیر ملکی کرنسی سمیت دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ڈیفنس کے علاقے فیز فائیو اسٹریٹ نمبر 32 خیابان مجاہد میں رہائش پذیر سندھ پولیس کے افسر ایس ایس پی توحید الرحمٰن میمن اور حکومت سندھ کی ترجمان سیدہ اقربا کے بنگلے میں مسلح ڈاکوؤں نے داخل ہو کر گن مین کو یرغمال بنا کر بنگلے میں لے گئے جہاں انھوں نے دیگر اہل خانہ کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر آزادانہ تلاشی لیتے ہوئے لوٹ مار کی۔

اس حوالے سے درخشاں پولیس نے پولیس افسر توحید الرحمٰن میمن کے گن مین فیصل الطاف کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 662 سال 2025 بجرم دفعہ 395 کے تحت درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔

مدعی مقدمہ نے پولیس کو بیان دیا کہ میں بنگلے پر بطور گن مین تعینات ہوں 23 اگست کی شب رات ساڑھے بارہ بجے گارڈ روم جو کہ مین گیٹ کے ساتھ ہے سرکاری رائفل تکیے کے نیچے رکھ کر سو گیا، رات تقریباً 4 بج کر 45 منٹ پر 3 صورت شناس اشخاص مسلح جن کے پاس اسلحہ موجود تھا اس میں سے ایک نے مجھے اٹھایا اور اندر لے کر آگئے اور جب میں اندر آیا تو میرے صاحب توحید الرحمٰن کے اہلخانہ کو یرغمال بنایا ہوا تھا۔

مدعی کے مطابق جب میں اندر آیا تو 2 مسلح اشخاص موجود تھے جس کے بعد مجھ سے چابی کے بارے میں پوچھا، 2 مسلح اشخاص نے ہم سب کو یرغمال بنایا جبکہ 3 مسلح اشخاص گھر کی تلاشی لے رہے تھے اور تقریباً 5 بجکر 15 منٹ پر یہ لوگ تسلی سے گھر کی تلاشی لے کر جاتے ہوئے یہ بول کر گئے کہ ہمارے پیچھے آئے تو گولی مار دینگے اور دروازے بند کر کے چلے گئے۔

مدعی کے مطابق جس کے کچھ دیر کے بعد گھر کا سامان چیک تو ہمیں توحید الرحمٰن صاحب سے معلوم ہوا کہ 90 لاکھ روپے مالیت کے امریکی ڈالر ، 10 لاکھ روپے نقد ، ایک کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات ، ایک موبائل فون لیکر ڈاکو فرار ہوگئے۔

درخشاں پولیس نے مدعی کے بیان پر مقدمہ درج کرکے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جو واردات کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے ڈکیتی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے ابتدائی پولیس کارروائی کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں پولیس سیکیورٹی پلان پر مشتمل حکمت عملی اور لائحہ عمل کی تفصیلات سے آگاہی دی جائے اور ضلعی سطح پر انٹیلیجینس کو بڑھاتے ہوئے واردات میں ملوث ڈاکوؤں کی جلد گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ علاقے میں دستیاب سی سی ٹی وی کی فوٹیجز حاصل کر کے انھیں تفتیش کا حصہ بنایا جائے اور ڈکیتی کی واردات کی تفتیش اور پیش رفت سے انھیں آگاہ رکھا جائے۔