سندھ میں نمبر پلیٹ کی نئی پالیسی منظور، پلیٹ شناختی کارڈ سے منسلک ہوگی

news-1756034974-3021

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نمبر پلیٹس سے متعلق محکمہ ایکسائز کی سمری منظور کر لی، جس کے تحت صوبے میں موٹر سائیکلوں اور تمام بڑی و چھوٹی گاڑیوں کی نمبر پلیٹیں اب ذاتی ملکیت شمار ہوں گی اور براہِ راست شہریوں کے قومی شناختی کارڈ سے
منسلک رہیں گی۔

اس سے پہلے نمبر پلیٹ گاڑی کے ساتھ ہی رہتی تھی اور فروخت کی صورت میں نئی ملکیت کو دوبارہ پلیٹ کے لیے درخواست دینا پڑتی تھی، تاہم اب پہلی بار جاری ہونے والی پلیٹ صرف اسی شخص کے شناختی کارڈ پر رجسٹر ہوگی جس نے گاڑی خریدی ہوگی۔

گاڑی فروخت کرنے پر پہلا مالک اپنی پلیٹ اتار کر اپنے پاس رکھے گا، جبکہ نئی گاڑی خریدنے والا شہری اسی پلیٹ پر اپنی گاڑی آن لائن رجسٹر کرائے گا۔

اگر کوئی شہری پلیٹ واپس کرنا چاہے تو وہ متعلقہ ایکسائز دفتر جا کر رجسٹریشن منسوخ کرا سکے گا۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق نئے نظام کے نفاذ سے گاڑیوں کی چوری، دہشت گردی اور دیگر جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی، جبکہ وفاق اور چاروں صوبوں کے درمیان گاڑیوں کا ریکارڈ شیئر کر کے نگرانی کو مزید مربوط بنایا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں اس وقت تقریباً 35 لاکھ موٹر سائیکلیں اور 23 لاکھ کاریں رجسٹرڈ ہیں جو اس نئے نظام کی ضرورت اور اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔