سندھ میں تین ستمبر تک سیلاب آنے کا خدشہ ہے، 16 لاکھ افراد کے متاثر ہونے کا امکان

سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں آئندہ تین ستمبر تک سیلاب آنے کا خدشہ ہے، جس سے 16 لاکھ افراد متاثر ہونے کا امکان ہے، آفت سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ (این ڈی ایم اے) نے پہلے ہی خبر کردار کیا تھا کہ سندھ میں 5 ستمبر تک سیلاب آنے کا امکان ہے اور صوبے میں 9 سے 12 لاکھ کیوسک تک پانی آ سکتا ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق سیلاب سے 16 لاکھ 50 ہزار افراد متاثر ہو سکتے ہیں، آفت سے ایک ہزار 657 دیہات، 167 یونین کونسلیں اور 2 لاکھ 73 ہزار خاندان متاثر ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دریاؤں کے کنارے کل 15 اضلاع واقع ہیں، جہاں 551 ریلیف کیمپس کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انہیں فعال کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کے پاس 192 ریسکیو کشتیاں، 565 نجی کشتیاں اور 36 موبائل ہیلتھ یونٹس موجود ہیں۔
شرجیل میمن کے مطابق اس وقت تک سندھ کی بیراجوں پر پانی کی صورتحال معمول کے مطابق ہے لیکن پنجاب سے آنے والے ریلوں سے سیلاب کا خدشہ ہے۔