سندھ کابینہ نے نادرا سمیت دیگر اداروں کو 700 ایکڑ زمین الاٹ کردی

0
images (1)

سندھ کابینہ نے مختلف شعبوں اور اداروں کے لیے زمین الاٹ کرنے کی منظوری دے دی۔

کابینہ اجلاس کے منٹس جاری کر دیے گئے جن کے مطابق مجموعی طور پر 700 ایکڑ سے زائد زمین کی الاٹمنٹ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی کو 600 ایکڑ زمین الاٹ کرنے کی منظوری دی گئی۔

ساتھ ہی بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی گئی کہ زمین کی مارکیٹ ویلیو طے کرے اور گزشتہ پانچ برسوں کے دوران کراچی میں ہونے والی الاٹمنٹس کی تفصیلات پیش کرے۔

اجلاس میں سندھ یونیورسٹی ٹھٹھہ کیمپس کے لیے 100 ایکڑ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی حیدرآباد کیمپس کے لیے 2 ایکڑ، جبکہ نادرا ریجنل ہیڈ آفس کے لیے بھی 2 ایکڑ زمین دینے کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ پنوعاقل میں 30 ایکڑ زمین کا ٹائٹل زرعی زمین میں تبدیل کرنے کی اجازت دی گئی، تاہم سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے تجویز دی کہ آئندہ کسی بھی زمین کا ٹائٹل تبدیل نہ کیا جائے۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سندھ حکومت ماضی میں بھی عسکری اور دیگر اداروں کو بڑی مقدار میں زمین الاٹ کر چکی ہے، جس پر عوامی سطح پر شدید ردعمل اور برہمی کا اظہار کیا گیا۔

عوامی حلقوں کا مؤقف ہے کہ زمین کی الاٹمنٹ کے بجائے تعلیم، صحت اور عوامی بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

تبصرہ کریں