سندھ حکومت اور گوگل کے درمیان ڈیجیٹل صحافت کی تربیت و اسکالر شپ کا معاہدہ طے پاگیا

images (2)

سندھ حکومت اور انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے درمیان طلبہ و پروفیشنل صحافیوں کو تربیت دینے و اسکالرشپ فراہم کرنے کا معاہدہ طے پاگیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں دو اہم مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے۔

ایم او یوز کے تحت پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام (پی آئی ٹی پی-ٹو) اور گوگل ڈیجیٹل صحافت اسکالرشپ پروگرام کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔

تقریب میں وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، سیکریٹری آئی ٹی نور محمد سموں، سی ای او ٹیک ویلی عمر فاروق، گوگل ایشیا کے سربراہ پال ہچنگس، این ای ڈی یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی اور آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلرز سمیت دیگر معزز مہمان شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی آئی ٹی پی ون کی شاندار کامیابی باعث فخر ہے، جس کے تحت 13 ہزار 565 طلبہ نے عالمی معیار کی آئی ٹی مہارتیں حاصل کیں جبکہ 4 ہزار 300 سے زائد فارغ التحصیل نوجوان مختلف معاشی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق پروگرام میں خواتین کی بھرپور شمولیت اور دیہی نمائندگی اس کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ پی آئی ٹی پی-ٹو کے لیے 1400 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت 35 ہزار طلبہ کو 12 جدید ٹیکنالوجیز میں تربیت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی اور سکھر آئی بی اے اس پروگرام کے تحت طلبہ کو تربیت دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ 1750 نمایاں طلبہ کو گوگل کروم بکس بھی دیے جائیں گے جبکہ میٹرک سے گریجویشن تک کے 28 سال عمر تک کے طلبہ اس پروگرام میں درخواست دے سکیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی آئی ٹی پی-ٹو محض ایک تربیتی پروگرام نہیں بلکہ سندھ کے نوجوانوں کی ڈیجیٹل بااختیاری کی سمت میں ایک انقلابی پیش رفت ہے۔

ڈیجیٹل صحافت پروگرام کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ سندھ حکومت اور ٹیک ویلی کا مشترکہ پراجیکٹ ہے، جس کا دوسرا مرحلہ ڈیجیٹل جرنلزم 2.0 کہلائے گا۔ اس مرحلے میں ایک ہزار اسکالرشپس صحافیوں، سرکاری ترجمانوں اور میڈیا اسٹڈیز کے طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔

ان کے مطابق پہلے مرحلے میں 500 اساتذہ اور طلبہ کو ڈیجیٹل رپورٹنگ، فیکٹ چیکنگ اور اے آئی کے استعمال پر تربیت دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا لٹریسی میں سرمایہ کاری دراصل سچائی، شفافیت اور جمہوری سندھ کی ضمانت ہے۔ معتبر صحافت کے فروغ اور جھوٹی خبروں کے خلاف یہ پروگرام سنگ میل ثابت ہوگا۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوگل ڈیجیٹل صحافت پروگرام صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور فیک نیوز کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مددگار ہوگا۔