سندھ میں سیلاب جیسی تباہی زندگی میں نہیں دیکھی، انجلینا جولی

انجلینا جولی نے ضلع دادو کے سیلاب سے مکمل طور پر تباہ ہونے والے علاقوں کا بھی دورہ کیا— 

ایوارڈ یافتہ ہولی وڈ اداکارہ اور انسانی حقوق کی رہنما انجلینا جولی نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کو دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایسی تباہی اپنی پوری زندگی میں نہیں دیکھی۔

انجلینا جولی 20 ستمبر کو اپنے تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچی تھیں، انہوں نے ملک کے تمام سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے سندھ کے ضلع دادو سمیت ان علاقوں کا دورہ بھی کیا، جہاں سیلاب نے دیہات کے دیہات مکمل طور پر تباہ کردیے تھے۔

انجلینا جولی کو اسلام آباد میں حکومتی وزرا اور اہم عہدیداروں نے سیلاب سے متعلق آگاہی بھی دی۔

انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق انجلینا جولی نے ضلع دادو میں سیلاب کی تباہی دیکھنے کے بعد کہا کہ انہوں نے سندھ جیسی تباہی اپنی پوری زندگی میں نہیں دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب نے سندھ کے لوگوں کا سب کچھ تباہ کردیا، لوگوں آسمان تلے، ننگے، بھوکے اور بیماریوں کے ساتھ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

اداکارہ نے سیلاب سے سندھ میں ہونے والی تباہی کو دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی بھی قرار دیا اور کہا کہ پاکستان میں آنے والا سیلاب دنیا کے لیے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کی گھنٹی ہے اور اگر اب بھی دنیا نے اقدامات نہیں کیے تو بہت بڑی تباہی آ سکتی ہے۔

انجلینا جولی دورے کے دوران سندھ کی سیلاب متاثرہ خواتین سے گھل مل گئیں، انہوں نے خواتین و بچوں کو گلے لگایا اور ان کی ہمدرد بنیں۔

اداکارہ نے سیلاب متاثرہ خواتین اور بچوں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کی مدد کے لیے عالمی سطح پر آواز اٹھائیں گی۔

https://twitter.com/arminkahelic/status/1572912891069894667

بعد ازاں انجلینا جولی نے متعدد بار میڈیا سے بات کرتے ہوئے دنیا کو اپیل کی کہ پاکستان کی مدد کی جائے، یہاں بہت تباہی ہوئی ہے، دیہات کے دیہات اجڑ گئے ہیں۔

مذکورہ دورے سے قبل بھی انجلینا جولی 2010 کے سیلاب اور 2005 میں آزاد کشمیر میں آنے والے زلزلے کے دوران بھی پاکستان آئی تھیں۔

انجلینا جولی سے قبل ترک اداکارہ جلال آل نے بھی سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔

انجلینا جولی کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور وہاں سیلاب متاثرین افراد میں گھل مل جانے پر ٹوئٹر پر ان کی تعریفیں کی گئیں اور ان کی انسان دوستی کو سراہا گیا۔

سندھ کے سوشل میڈیا صارفین نے انجلینا جولی کو سچی ہمدرد، انسان دوست اور بہادر خاتون قرار دیتے ہوئے پاکستانی شوبز شخصیات کو طعنے دیے کہ وہ لاہور اور اسلام آباد سے نکل کر دادو نہیں پہنچ پائے جب کہ انجلینا جولی نے امریکا سے سندھ پہنچ گئیں۔

انجلینا جولی تین دن کے دورے کے بعد 22 ستمبر کی رات کو پاکستان سے لوٹ گئیں اور ان کے دورے کو عالمی میڈیا نے بھی کوریج دی۔