کے این شاہ سے سیلابی پانی نکالو، ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

کے این شاہ شہر میں تاحال 5 فٹ تک پانی موجود ہے —فوٹو: ٹوئٹر

سیلاب کو ایک ماہ گزرجانے کے باوجود ضلع دادو کے تعلقہ ہیڈ کوارٹر خیرپور ناتھن شاہ (کے این شاہ) سمیت کئی شہروں اور ہزاروں دیہات سے تاحال پانی نہیں نکالا جا سکا، جس وجہ سے ابھی تک لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے سیلابی پانی میں بیماریوں کے ساتھ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

کے این شاہ سمیت دیگر شہروں سے سیلابی پانی نہ نکالے جانے پر لوگوں نے حکومت پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پر کے این شاہ کی بحالی کا ٹرینڈ بھی چلایا۔

ٹوئٹر پر دو اکتوبر کو (RehabilitateKnShah) کا ٹرینڈ چلایا گیا، جس کے تحت لوگوں نے حکومت سے جلد سے جلد کے این شاہ سے پانی نکال کر وہاں زندگی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

کے این شاہ اگست کے آخر میں سیلاب سے ڈوبا تھا، جہاں تاحال شہر میں 5 فٹ تک پانی موجود ہے اور پورا شہر پانی کے قبرستان کا منظر پیش کر رہا ہے۔

کے این شاہ ایک ماہ سے ندی میں تبدیل ہوا پڑا ہے اور حکومت نے تاحال وہاں سے پانی نکالنے کے کوئی انتظامات نہیں کیے، جس وجہ سے وہاں کے لوگ شدید عذاب میں مبتلا ہیں اور وہ کھلے آسمان تلے پانی کے ساتھ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

ٹوئٹر پر دو اکتوبر کو (RehabilitateKnShah) کے ٹرینڈ پر متعدد سیاستدان، سماجی رہنمائوں، شوبز و میڈیا شخصیات سمیت عام افراد نے بھی ٹوئٹس کیں اور حکومت سے شہر سے جلد سے جلد پانی نکالنے کا مطالبہ کیا۔