سیلاب سے سندھ بھر کے 1100 اسپتال بھی متاثر
فائل فوٹو: سانگھڑ
محکمہ صحت سندھ نے تصدیق کی ہےکہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے صوبے بھر کے 1100 کے قریب سرکاری اسپتال بھی شدید متاثر ہوئے ہیں جب کہ 165 اسپتالیں اور ڈسپینسریز مکمل طور پر منہدم ہو چکی ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کیے گئے سروے سے معلوم ہوا ہے کہ صوبے بھر میں سیلاب سے مجموعی طور پر ایک ہزار 86 اسپتال متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے ڈیڑھ سو سے زائد اسپتالیں اور ہیلتھ سینٹرز مکمل طور منہدم ہوچکے، جس وجہ سے کئی علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔
سیلاب سے سب سے زیادہ حیدرآباد ڈویژن میں 252 اسپتالیں اور ہیلتھ سینٹرز متاثر ہوئے ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر میرپور خاص ڈویژن میں 215 ہیلتھ سینٹرز اور طبی مراکز متاثر ہوئے ہیں۔
لاڑکانہ ڈویژن میں 183، شہید بینظیر آباد میں 157 جب کہ سکھر ڈویژن میں 100 سے زائد اسپتالیں اور ہیلتھ سینٹرز سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور مجموعی طور پر صوبے بھر کے 1100 کے قریب اسپتال سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
سیلاب اور بارشوں سے اسپتالوں کا سب سے کم نقصان کراچی ڈویژن میں ہوا ہے جہاں محض 3 اسپتال یا طبی مراکز متاثر ہوئے۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو تمام متاثرہ اسپتالوں اور طبی مراکز کی بحالی کی سفارش کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ اسپتالوں کے متاثر ہونے سے صوبے بھر میں علاج کی سہولیات بھی متاثر ہیں۔