آصف علی زرداری کے پھیپھڑوں میں انفیکشن کی تصدیق

فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما ڈاکٹر عاصم نے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کے پھیپھڑوں میں انفیکشن کی تصدیق کردی مگر انہوں نے اس متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔

آصف علی زرداری گزشتہ ماہ 27 ستمبر سے ضیاالدین اسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری پہلے ہی تصدیق کر چکی ہیں کہ ان کے والد کے پھیپھڑوں کے قریب پانی بھر گیا تھا، جسے پروسیجر کے ذریعے نکال دیا گیا۔

تاہم ایک ہفتے سے زائد وقت گزر جانے کے باوجود تاحال آصف علی زرداری اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ایک روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ ان کے علاج اور ٹیسٹس کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی سے خصوصی ڈاکٹرز طلب کیے گئے ہیں، جو ان کا جائزہ لینے کے بعد انہیں بیرون ملک منتقل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

تاہم اب ڈاکٹر عاصم نے بتایا ہے کہ آصف علی زرداری کو فوری طور پر بیرون ملک منتقل کرنے کی ضرورت نہیں، ان کا علاج یہاں درست سمت میں چل رہا ہے اور ان کی صحت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔

ڈاکٹر عاصم کے مطابق آصف علی زرداری ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق چہل قدمی بھی کرتے ہیں اور ان کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ آصف علی زرداری کے پھیپھڑوں میں انفکشن ہوگیا تھا، جس کا درست انداز میں علاج کیا جا رہا ہے اور انہیں فوری طور پر بیرون ملک منتقل کرنے کی ضرورت نہیں۔