نظر و سماعت سے محروم بچوں کے ادارے میں مقابلہ قرئت کا انعقاد
اسکرین شاٹ
صوبائی دارالحکومت کراچی میں موجود نظر و سماعت سے محروم بچوں کے ادارے ’آئڈا ریو کالج‘ (ida rieu) میں قرآن پاک کی قرئت کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں دارالحکومت کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے حصہ لیا۔
’آئڈا ریو کالج‘ میں قرآن پاک کی قرئت کا مقابلہ سالانہ بنیادوں پر کیا جاتا ہے مگر اس بار اس مقابلے میں شہر کے دیگر اسکولوں اور کالجز کے طلبہ نے بھی حصہ لیا۔
مقابلے کا انعقاد عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 7 اکتوبر کو کیا گیا، جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے اہم عہدیداروں سمیت حکومتی افسران نے بھی شرکت کی۔
مقابلے کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ کے خصوصی مشیر صادق میمن تھے، جنہوں نے بعد ازاں فاتحین میں انعامات تقسیم کیے۔
مقابلے میں پہلی پوزیشن ہمدرد ہائی اسکول کے حافظ محمد ریان نے حاصل کی جب کہ دوسری پوزیشن بھی اسی اسکول سے تعلق رکھنے والے حافظ شاہ صارم نے حاصل کی۔
مقابلے میں تیسری پوزیشن اسلامیہ کالج کے طالب علم حافظ وہاج شمسی نے حاصل کی، جنہیں تقریب کے دوران انعامات و ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
آئڈا ریو کالج میں مقابلہ قرئت کا انعقاد ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب کہ حال ہی میں وہاں ’انٹرنیشنل کانفرنس آن ہائر ایجوکیشن فار ڈیف ان پاکستان 2022‘ کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں وزیر اعلیٰ سمیت اعلیٰ شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔
مذکورہ کانفرنس سے خطاب کے لیے مختلف ممالک سے بھی اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔
آئڈا ریو کالج ملک کا اپنی طرز کا واحد ادارہ ہے، جہاں 900 تک نظر و سماعت سے محروم طلبہ تعلیم حاصل کرتے ہیں، یہ ادارہ قیام پاکستان سے قبل اپنی خدمات ادا کرتا آرہا ہے، اس کا آغاز 1922 میں ہوا تھا۔