کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخاب ملتوی کرنے کا فیصلہ
فائل فوٹو– فیس بک
باوثوق ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سندھ کے دونوں ڈویژن کراچی اور حیدرآباد میں رواں ماہ اکتوبر کے آخر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا جب کہ صوبے میں ضمنی انتخابات بھی ملتوی کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے سیلاب کے باعث 28 جولائی کو دونوں ڈویژنز میں ہونے والے انتخابات ملتوی کردیے تھے اور پچھلے ہفتے سندھ پولیس نے محکمہ داخلہ سندھ کے توسط سے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے سیکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرلی تھی، جس کے بعد اب بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پانچ دن قبل ہی الیکشن کمیشن نے سندھ پولیس اور سندھ حکومت کی سیکیورٹی نفری نہ دینے کے باوجود بلدیاتی انتخابات کو مقررہ وقت پر کرانے کا اعلان کیا تھا مگر اب خبر سامنے آئی ہے کہ الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی نہ ملنے کی وجہ سے انتخابات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا اور اس حوالے سے باضابطہ اعلان چند دن میں کردیا جائے گا۔
اس حوالے سے روزنامہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن سمیت سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے کراچی کےسات اضلاع کے بلدیاتی انتخاب بھی ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ وزارت داخلہ کی جانب سے اس خط کے بعد کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج اور ایف سی وسیع پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہے اور پولیس بھی ان کے ساتھ ہے، لہٰذا انتخابات کے لیے سیکیورٹی اہلکار فراہم نہیں کیے جا سکیں گے، کیوں کہ انتخابات کے لیے 16 ہزار اہلکار درکار ہوں گے۔
اس سے قبل سندھ حکومت نے بھی الیکشن کمشن کو ضمنی اور بلدیاتی انتخاب ملتوی کرنے کے لیے خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ سیلاب کی صورت حال کے سبب پولیس فورس امدای کاموں میں مصروف ہے جبکہ پولنگ اسٹیشن بنائے گئے اسکولوں میں سیلاب ے متاثرین پناہ گزین ہیں تاہم الیکشن کمیشن نے صوبے کے استدعا مسترد کر کے مقررر وقت پر الیکشن کرانے کا اعلان کیا تھا تاہم وزارت داخلہ کے خط کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخاب تین ماہ کے کیے ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
واضح رہے کہ کراچی قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 237اوراین اے 239 پر ضمنی الیکشن 16اکتوبر کو ہونے ہیں این اے239پر پی ٹی آئی کے چئیر مین عمران خان کے مقابلے میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنونیر عامر خان اور خواجہ منصور سہیل جبکہ این اے 237پر عمران خان کے مقابلے میں پی پی پی کےحکیم بلوچ ہیں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخاب کے لیے 5251 نشستوں پر انتخاب ہونا ہے۔