آصف زرداری سے متعلق خبریں غلط، وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے، ڈاکٹر عاصم

فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری کے معالج ڈاکٹرعاصم حسین نے سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کی صحٹ سے متعلق پھیلنے والی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئ کہا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوکر اسپتال سے ڈسچارج ہوجائیں گے۔

آصف علی زرداری گزشتہ ماہ 27 ستمبر سے ضیاالدین اسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری پہلے ہی تصدیق کر چکی ہیں کہ ان کے والد کے پھیپھڑوں کے قریب پانی بھر گیا تھا، جسے پروسیجر کے ذریعے نکال دیا گیا۔

تاہم ایک ہفتے سے زائد وقت گزر جانے کے باوجود تاحال آصف علی زرداری اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ایک روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ ان کے علاج اور ٹیسٹس کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی سے خصوصی ڈاکٹرز طلب کیے گئے ہیں، جو ان کا جائزہ لینے کے بعد انہیں بیرون ملک منتقل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

بعد ازاں سوشل میڈیا پر ان کی صحت سے متعلق افواہیں پھیلیں کہ انہیں چوتھے درجے کا کینسر لاحق ہے اور ڈاکٹرز نے انہیں جواب دے دیا ہے، تاہم ایسی افواہوں کے بعد ڈاکٹر عاصم نے وضاحت کی تھی کہ تمام رپورٹس غلط ہیں، آصف علی زرداری کی صحت بتریج بہتر ہو رہی ہے۔

ڈاکٹر عاصم نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ سابق صدر کے نظام تنفس کی فزیو کی جا رہی ہے اور ان کی صحت بہتری کی جانب رواں ہے اور انہیں جلد اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دی جائے گی اور انٹرنیٹ پر پھیلنے والی افواہوں پر یقین نہ کیا جائے۔

انہون نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں بتایا کہ سابق صدر ایک یا دو روز میں اسپتال سے ڈسچارج ہوجائیں گے۔