آئی جی اور کراچی پولیس چیف دفاتر میں 3 ماہ کے اندر پیٹرول کے 15 کروڑ روپے خرچ

فائل فوٹو: فیس بک

انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس (آئی جی پی) اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) یعنی کراچی پولیس چیف کے دفاتر میں رواں مالی سال کے ابتدائی تین ماہ میں پیٹرول کی مد میں 15 کروڑ روپے خرچ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جب کہ دونوں دفاتر کو مجموعی طور پر 40 کروڑ روپے کے قریب پیٹرول بجٹ جاری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

سندھ حکومت نے دونوں دفاتر کے لیے رواں سال کے بجٹ میں پیٹرول کی مد میں دگنا اضافہ کردیا تھا، آئی جی سندھ کے دفتر کو سالانہ 37 کروڑ جب کہ ایڈیشنل آئی جی کو 41 کروڑ روپے کا بجٹ دیا گیا تھا، جس میں حیران کن طور پر دونوں دفاتر کو ابتدائی تین ماہ میں نصف سے زیادہ بجٹ ریلیز کردیا گیا۔

روزنامہ کاوش کی رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس چیف کو 41 کروڑ روپے میں سے پہلے تین ماہ میں 21 کروڑ روپے یعنی نصف بجٹ جاری کردیا، جس میں سے انہوں نے 8 کروڑ روپے خرچ بھی کر ڈالے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسی طرح آئی جی سندھ کے دفتر کو 38 کروڑ کے بجٹ میں سے 19 کروڑ روپے جاری کردیے گئے، جس میں سے انہوں نے بھی 8 کروڑ روپے سے زائد کا پیٹرول خرچ کر ڈالا۔

حیرنا کن بات یہ ہے کہ جہاں کراچی پولیس چیف کے دفتر کو پیٹرول کا نصف بجٹ پہلے تین ماہ میں جاری کیا گیا، وہیں دارالحکومت میں جرائم میں بھی بے تحاشہ اضافہ دیکھا گیا اور آئے دن ڈکیتی کے دوران شہریوں کی ہلاکتوں کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں۔