شہباز شریف کی تھرکول کی خواتین ٹرک ڈرائیورز سے ملاقات

اسکرین شاٹ

وزیر اعظم شہباز شریف نے تھرکول منصوبے میں تھر انرجی بلاک ٹو اور تھر کول مائنز ٹو کی افتتاحی تقریب کے بعد وہاں کام کرنے والی خواتین ڈمپر ڈرائیورز سے بھی ملاقات کی۔
وزیر اعظم کی جانب سے خواتین ڈرائیورز سے ملاقات کی ویڈیو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کی گئی، جس میں شہباز شریف کو خوشگوار موڈ میں خواتین ڈرائیورز سے بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
مختصر ویڈیو میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی دکھائی دیے جو وزیر اعظم کو خواتین ڈرائیورز سے متعلق بتاتے دکھائی دیے۔

وزیر خارجہ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ خواتین ڈمپبر ڈرائیورز مرد ڈرائیور سے بہتر انداز میں گاڑیاں چلاتی ہیں اور بہت وزنی گاڑیاں چلاتی ہیں۔
اس دوران وزیر اعظم نے خواتین ڈرائیورز کی محنت اور ہمت کی تعریفیں کیں اور ان کے لیے تالیاں بھی بجائیں۔
ملاقات کے دوران تھرکول منصوبے میں کام کرنے والی دیگر خواتین ورکرز بھی وہاں موجود تھیں۔
خیال رہے کہ تھرکول منصوبے میں 55 خواتین ڈرائیورز ہیں اور مجموعی طور پر منصوبے میں 3300 مقامی افراد کام کرتے ہیں، جس میں درجنوں خواتین بھی ہیں۔
تھرکول منصوبے کے تحت صحرائے تھر میں لگائے گئے 17 میں سے 11 پانی کو میٹھا کرنے والے آر او پلانٹس کو خواتین ہی چلاتی ہیں۔

https://twitter.com/pmln_org/status/1579387765510529024