جناح، کارڈیو اور امراض اطفال دوبارہ سندھ حکومت کو دینے کا فیصلہ
فائل فوٹو- فیس بک
سندھ حکومت کی درخواست کے بعد وفاقی حکومت نے صوبائی دارالحکومت کراچی کے تین بڑے اور ملک کے اہم ترین اسپتال قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی)، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) قومی ادارہ اطفال (این آئی سی ایچ) کو دوبارہ صوبائی حکومت کو دینے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ حکومت نے ایک سال قبل وفاقی حکومت کو تینوں اسپتال واپس صوبائی حکومت کے حوالے کرنے کی اپیل کی تھی، تینوں اسپتالوں کو 2019 میں وفاق نے عدالتی احکامات کے بعد اپنی تحویل میں لیا تھا، اس وقت سپریم کورٹ نے ناقص انتظامات کی وجہ سے تینوں اسپتالوں کے انتظامات وفاق کو سنبھالنے کی ہدایات کی تھیں۔
عدالتی فیصلے کے بعد مارچ 2021 میں سندھ حکومت نے اس وقت کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت کو خط لکھ کر اسپتالوں کی خدمات واپس دینے کی اپیل کی تھی، جس پر اب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اسپتال صوبائی حکومت کو دینے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی حکومت نے صوبائی دارالحکومت کے تینوں بڑے اسپتال جناح ، قومی ادارہ امراض قلب اور قومی ادارہ امراض اطفال کو 25سال کے لیے سندھ حکومت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد سندھ حکومت تینوں اسپتالوں کے انتظامی و مالی معاملات دیکھے گی اور بھرتیاں کرسکے گی ۔
وفاقی حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد سندھ حکومت کراچی کے تینوں بڑے اسپتالوں کے انتظامی و مالی معاملات دیکھے گی۔