نوابشاہ میں بے نظیر انسٹی ٹیوٹ آف یورولاجی اور کراچی میں میٹروپولیٹن یونیورسٹی بنے گی

 

سندھ کابینہ نے دارالحکومت کراچی میں کراچی میٹروپولیٹن (کے ایم سی) یونیورسٹی جب کہ نوابشاہ میں بے نظیر انسٹی ٹیوٹ آف یورولاجی بنانے کی منظورے دیتے ہوئے ان کے بلز کو اسیمبلی بھجوانے کی بھی منظوری دے دی۔

سندھ کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں ہوا، جس میں کابینہ سمیت اہم سرکاری عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

کابینہ کے اجلاس میں جہاں 2012 کے ٹیسٹ پاس اساتذہ کو مقرر کرنے کی مںظوری دی، وہیں کابینہ نے 2022 میں بھرتی کیے گئے اساتذہ کو مستقل کرنے کی منظوری بھی دی۔

علاوہ ازیں سندھ کابینہ نے کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی قائم کرنے کی منظوری بھی دی، یہ یونیورسٹی ضلع وسطی میں بنائی جائے گی۔

کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (کے ایم ڈی سی) کا بھی اسی میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کے ساتھ الحاق ہوگا جب کہ عباسی شہید اسپتال اس کا ٹیچنگ ہاسپٹل ہوگا۔

کابینہ نے اسٹیبلشمنٹ آف بے نظیر انسٹی ٹیوٹ آف یورولاجی اینڈ ٹرانسپلانٹ نواب شاہ ایکٹ کی منظورے دیتے ہوئے اس کے بل کو اسیمبلی میں پیش کرنے کی منظوری بھی دی۔

اس حوالے سے وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بتایا کہ بے نظیر انسٹی ٹیوٹ آف یورولاجی کے قیام میں ایس آئی یو ٹی ٹیکنیکل مدد فراہم کرر ہا ہے جب کہ اس انسٹی ٹیوٹ میں یورولاجی ، نیفرولاجی اور آرگن پلانٹ کے امراض کا علاج ہوگا۔

ڈاکٹر عذرا کا کہنا تھا کہ بے نظیر انسٹی ٹیوٹ نوابشاہ کی پیپلز یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ فیلوز کو تربیت دے گا جب کہ یہ انسٹی ٹیوٹ امتحانات کا شیڈول ، ڈگریز اور ڈپلومہ سرٹیفکیٹ کے کورسسز بھی کروائے گا۔

علاوہ ازیں کابینہ نے جناح پوسٹ گریجوئیٹ (جے پی ایم سی) قومی امراض برائے اطفال ( این آئی سی ایچ) اور قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کی سیٹلمنٹ ایگریمنٹ کی بھی منظوری دی، جس کے بعد اب وفاق سے تینوں اسپتالوں کو چلانے کے لیے 25 سال کا باضابطہ معاہدہ کیا جائے گا۔