کراچی دنیا کا واحد شہر ہے، جہاں کے رہائشی خود اپنی گٹر لائنیں بند کرتے ہیں، سعید غنی

فائل فوٹو: فیس بک

صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کراچی دنیا کا وہ واحد بدنصیب شہر ہے، جہاں کے رہائشی خود اپنی گٹر لائنیں بند کرتے ہیں جب کہ بچے اور بڑے مل کر خود یہاں کی اسٹریٹ لائٹس توڑتے ہیں اور پھر خود ہی روتے ہیں کہ ہمارے مسائل حل نیں ہو رہے۔

سعید غنی نے کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہر کے مسائل حل نہ ہونے کی ذمہ داری کراچی واسیوں پر ڈالی  اور کہا کہ کراچی کے شہری اپنے مسائل کو سو گنا بڑھا کر بیان کرتے ہیں، وہ روتے رہتے ہیں کہ ان کے ساتھ مسائل ہیں۔

انہوں نے منطق پیش کی کہ دنیا کے ہر شخص کے گھر میں مسائل ہوتے ہیں مگر کوئی بھی اپنے گھر کے مسائل روڈ پر نہیں لاتا اور شور کرکے یہ نہیں بتاتا کہ ان کے گھر میں کیا چل رہا ہے لیکن کراچی کے شہری اپنے ہی مسائل روڈ پر لاتے ہیں اور روتے رہتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ  یہ دنیا کا واحد شہر ہے جہاں لوگ خود گٹر لائنیں بلاک کرتے ہیں اور پانی کی لائنیں پنکچر کرتے اور اسٹریٹس لائٹس پر نشانے بازی کرکے ان کو ناکارہ کرتے ہیں ۔

سعید غنی نے ایسے واقعات کا ثبوت ہونے کا دعویٰ بھی کیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ مسائل حل کرنا تو ایک طرف کیا مسائل پیدا کرنے والوں کے خلاف انہوں نے کوئی کارروائی کی۔