کراچی سے کے این شاہ جانے والے سیلاب متاثرین کے کوچ کو آگ لگ گئی، 10 افراد جاں بحق

نوری آباد کے قریب سیلاب متاثرین کو لاڑکانہ لے جانے والے کوچ میں آگ، اموات کا خدشہ
صوبائی دارالحکومت کراچی سے شمالی سندھ کے ضلع لاڑکانہ جانے والے کوچ میں نوری آباد کے مقام پر جامشورو کے قریب آگ لگ گئی، جس سے متعدد کم از کم 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔

جامشورو پولیس نے مسافر کوچ میں آگ لگنے کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متعدد زخمی ہونے والے افراد کو جامشورو سمیت حیدرآباد کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جب کہ حادثے میں بچوں سمیت کم از کم 10 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

ڈی آئی جی حیدر آباد کے دفتر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے خیرپور ناتھن شاہ جانے والی مسافر بس میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے نیشنل ہائی وے پر واقع بیدال پیٹرول پمپ کے قریب آگ لگی۔

پولیس نے بتایا کہ آگ لگنے سے 10 افراد جھلس کر دم توڑ گئے، جن کی شناخت نہ ہوسکی اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھےاور لاشیں جام شورو ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق آگ لگنے کے فوری بعد مسافر کوچ سے کئی مرد و خواتین بس سے چھلانگ لگا کر آئیں، تاہم متعدد افراد کوچ میں پھنسے رہے۔
پولیس کے مطابق ڈیڑھ گھنٹے بعد مسافر بس میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا تھا اور بس میں مغیری برادری سے تعلق رکھنے والےسیلاب متاثرین تھے جن میں سے بیشتر مسافر اتر گئے تھے۔