مکلی میں والد کا بیٹی پر بدکردار ہونے کا الزام لگا کر بہیمانہ تشدد

بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں—فوٹو: کاوش

ضلع ٹھٹہ کے تعلقہ مکلی میں پولیس نے جواں سالہ بیٹی پر بدکردار ہونے کا الزام لگا کر ان پر بہیمانہ تشدد کرنے والے والد کو گرفتار کرلیا۔

ملزم اسماعیل بنگالی پر 13 سالہ بیٹی حبیباں کو کئی ہفتوں تک گھر میں قید کرکے ان پر بہیمانہ تشدد کرنے کا الزام ہے جب کہ پولیس نے بچی پر بدترین تشدد کی تصدیق کردی۔

روزنامہ کاوش کٓی رپورٹ کے مطابق مکلی کی شاہ لطیف کالونی میں پولیس نے کارروائی کرکے ملزم اسماعیل بنگالی کو گرفتار کرلیا، جنہوں نے بیٹی کو قید کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے جواں سالہ بیٹی پر بدکردار ہونے کا الزام بھی عائد کیا۔

پولیس کے مطابق اسماعیل بنگالی نامی شخص کی تین شادیاں ہوئی ہیں، جن میں سے انہوں نے بیوی کو طلاق دے رکھی ہے، جس سے انہیں دو بیٹیاں ہیں اور حبیباں ان کی پہلی بیوی سے ہیں، جن پر انہوں نے بدچلن ہونے کا الزام لگایا۔

پولیس نے بتایا کہ بچی کی والدہ کی شکایت پر ہی پولیس نے کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کرکے بچی کو بازیاب کرایا، جس کے جسم پر بدترین تشدد کے نشانات موجود ہیں۔

پولیس نے تصدیق کہ 13 سالہ بچی کے چہرے، پائوں اور ہاتھوں پر جلائے جانے کے نشانات موجود ہیں اور بچی کو گھر سے قید کی صورت میں بازیاب کرایا گیا۔