سندھ پولیس کے سی ٹی ڈی کو عالمی سطح کا ادارہ بنانے پر کام شروع
فائل فوٹو: فیس بک
سندھ پولیس نے خطیر بجٹ کے ساتھ اپنے انتہائی اہم شعبے انسداد دہشت گردی یعنی سی ٹی ڈی (کاوئنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ) کو عالمی سطح کے اداروں جیسا بنانے کے منصوبے پر کام شروع کردیا۔
منصوبے کے تحت سی ٹی ڈی کو تین ارب روپے کے خطیر فنڈز کے ساتھ جدید ادارہ بنایا جائے گا، جس سے دہشت گردی کو روکنے میں مدد ملے گی۔
اس حوالے سے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) سندھ غلام نبی میمن نے جنگ سے خصوصی بات کرتے ہوئے بتایا کہ انسداد دہشت گردی کے شعبہ کو بین الاقوامی طرز پر اپ گریڈ کرنے کیلئے 3 ارب روپے کے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا، جس کا پہلا مرحلہ 3 ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔
انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ سندھ کو بین الاقوامی اور جدید طرز پر اپ گریڈ کرنے کیلئے حکومت سندھ نے 3 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دیدی ہے اور اس اہم منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں سی ٹی ڈی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کو محفوظ اور بین الاقوامی اداروں کے ہم آہنگ بنانے کیلئے جدید ترین سافٹ ویئر خریدے جا رہے ہیں۔
غلام نبی میمن کے مطابق سی ٹی ڈی سندھ کیلئے ماہر آئی ٹی انجینئر رکھے جارہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سی ٹی ڈی کے افسران کی فول پروف سیکورٹی کے پیش نظر بلٹ پروف گاڑیاں خریدی جارہی ہیں۔