گورنر سندھ کی نکاح نامے میں ختم نبوت ﷺ کی شق شامل کرنے کی تجویز
فوٹو: وائرز
حال ہی میں عہدہ سنبھالنے والے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سندھ حکومت کو تجویز دی ہے کہ حکومت نکاح نامے میں ختم نبوت ﷺ کی شق شامل کرے۔
اس وقت سندھ میں نکاح نامے پر اس طرح کی کوئی شق یا شرط شامل نہیں ہے، البتہ حال ہی میں صوبہ پنجاب میں ایسی شق شامل کی گئی تھی۔
پنجاب میں نکاح نامے میں شامل کی گئی شق کے مطابق دولہا اور دلہن کا ختم نبوت ﷺ پر ایمان لانا اور ایسے قسم نامے پر دستخط کرنا لازمی ہوگا، دوسری صورت میں نکاح مکمل نہیں ہوگا۔
اب پنجاب کے بعد صوبہ سندھ کے گورنر نے بھی صوبائی حکومت کو ایسا ہی قسم نامہ نکاح نامے کا حصہ بنانے کی تجویز دی ہے۔
’جیو نیوز‘ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو لکھے گئے خط میں گورنر کامران ٹیسوری نے تجویز دی کہ نکاح نامے میں ختم نبوت ﷺ کا قسم نامہ شامل کیا جائ۔ے۔
گورنر سندھ کی جانب سے بھیجے گئے خط میں ربیع الاول کے مقدس مہینے کی بھی وزیر اعلیٰ کو مبارک باد پیش کی گئی۔
گورنر نے خط میں لکھا کہ الحمدللہ، ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیروکار ہیں اور درحقیقت آپ کی ختم نبوت ﷺ پر پختہ یقین ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے۔
اس مہینے کی روشنی میں، انہوں نے سندھ میں نکاح نامے میں ختم نبوت (ص) پر یقین کے لازمی اعلان کو شامل کرنے کی تجویز دی۔
انہوں نے مزید کہا، “مجھے یقین ہے کہ یہ عمل ہماری تابعداری کی علامت ہو سکتا ہے اور پیارے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے ہماری سچی محبت کی عکاسی کرتا ہے۔