حیدرآباد میں وفاقی یونیورسٹی بنانے کے لیے سندھ حکومت نے زمین الاٹ کردی

فائل فوٹو: فیس بک

صوبے کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں وفاقی حکومت کی جانب سے اعلی تعلیم کے لیے ر”حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ فار ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ سائنسز ” کے نام سے ایک نئے یونیورسٹی بنانے کے لیے سندھ حکومت نے زمین الاٹ کردی۔

مذکورہ یونیورسٹی وفاقی حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تحت چلے گی لیکن اس کی تعمیر کے لیے زمین کی الاٹمنٹ صوبائی حکومت نے کی ہے اور مذکورہ یونیورسٹی لطیف آباد کے علاقے میں بنائی جائے گی۔

روزنامہ ’ایکسپریس‘ کے مطابق وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے اس ادارے کے لیے 100 ایکڑ اراضی اعلی تعلیمی کمیشن اسلام کو مفت فراہم کرنے کی منظوری دے دی، جس کے بعد حکومت سندھ کے لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو “Deh ganjo taker تعلقہ لطیف آباد میں 100 ایکڑ اراضی ایچ ای سی کے حوالے کرنے سے متعلق خط جاری کردیا۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کی مختلف عمارتوں کی تعمیر میں ابھی کئی سال لگے گے لہذا فوری طور پر یونیورسٹی شروع کرنے اور داخلوں دینے کے لیے اس یونیورسٹی کی اراضی کے قریب ہی کسی عمارت سے حیدرآباد انسٹی فار ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ سائنسز اپنا کام شروع کردے گا۔

یونیورسٹی ایکٹ کے مطابق فی الحال “فیکلٹی آف آئی سی ٹی(آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز)، فیکلٹی آف ڈیزائن ، میوزک اینڈ کرییوٹیو آرٹ، فیکلٹی آف نیچرل سائنسز اورفیکلٹی آف بزنس اینڈ انٹرپینیور میں داخلے دیے جائیں گے۔