پیپلز بس کی ایپلی کیشن متعارف کرانے کا اعلان
فائل فوٹو: فیس بک
سندھ حکومت نے دارالحکومت کراچی کے شہریوں کی سفری سہولیات کو مزید آسان بنانے کے لیے پیپلز بس سروس کی موبائل ایپلی کیشن متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں پیپلز پس سروسز گزشتہ تین ماہ سے چل رہی ہیں اور ابھی تک ان کے ٹکٹس مینوئل طریقے سے دیے جا رہے ہیں لیکن اب ان کے لیے ایپس متعارف کرائی جائے گی۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پیپلز بس سروس کا اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر کو پیپلز بس سروس کے آپریشنز ، نئے روٹس ، آر ٹی ایس سسٹم اور کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے قیام پر بریفنگ دی گئی ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ موبائل ایپ سے شہریوں کو بس سروس کو ٹریک کرنے اور آن لائن ادائیگی کی سہولت میسر ہوگی، آئی ٹی ایس سسٹم میں سی سی ٹی وی کیمرے ، اسکرین ، لائیو ٹریکنگ اور مانیٹرنگ کی سہولیات شامل ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں پیپلز بس سروس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کیا جا رہا ہے، موبائل ایپ ، آئی ٹی ایس سسٹم 30 نومبر سے فعال کردیا جائے گا کوشش ہے کہ پیپلز بس سروس کے تحت شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔