معروف آرٹسٹ اور ٹی وی میزبان سحر شاہ کا بھائی پراسرار طور پر قتل

مقتول پارس اپنے والد کے ہمراہ خوشگوار موڈ میں—فوٹو: فیس بک

معروف وژوئل آرٹسٹ اور ٹی وی میزبان سحر شاہ کے بھائی اور سینیئر ریڈیو میزبان ماکن شاہ رضوی کے بیٹے کو پراسرار طور پر قتل کردیا گیا۔

سحر شاہ نے اپنی فیس بک پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان کے بھائی کو حیدرآباد میں پراسرار طور پر قتل کردیا گیا۔

ان کے والد ماکن شاہ رضوی کے کئی دوستوں نے بھی سوشل میڈیا پر ان کے نوجوان بیٹے کے پر اسرار قتل سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹس کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ماکن شاہ کے بیٹے اور سحر شاہ رضوی کے بھائی پارس شاہ کیسے قتل کیا گیا، تاہم پولیس کے مطابق ان کی لاش کچھ دن پرانی لگتی ہے۔

مقتول نوجوان پارس شاہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ نوجوان اور اہل خانہ کے درمیان ہفتے کے دن آخری بار فون پر رابطہ ہوا تھا، مقتول کی لاش ان کے اپنے ہی بند پڑے ہوئے گھر سے ملی ہے۔

 

ماکن شاہ رضوی اپنے دور کے معروف ریڈیو میزبان رہے ہیں، وہ نہ صرف صداکار بلکہ شاعر اور آرٹسٹ بھی ہین اور ان کی بیٹی سحر شاہ وژوئل آرٹسٹ ہیں جب کہ وہ دھرتی ٹی وی پر مارننگ شو بھی کرتی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق سحر شاہ کے بھائی کی لاش کم از کم تین دن پرانی ہے اور ان کی لاش خون سے لت پت ملی تھی، ان کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی ہیں۔

پارس شاہ کے پراسرار قتل کے بعد لوگوں نے ٹوئٹر پر جسٹس فار پارس شاہ کا ٹرینڈ بھی چلایا اور اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لے کر اہل خانہ کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔