صوبائی دارالحکومت کراچی میں الیکٹرک بسیں چلانے کی تیاریاں مکمل

فوٹو: وزارت ٹرانسپورٹ

سندھ حکومت کی جانب سے دارالحکومت کراچی میں پیپلز بس سروس (پی بی ایس) کے بعد اب الیکٹرک مسافر بسیں چلانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں اور جلد ہی ملکی تاریخ میں پہلی بار برقی مسافر گاڑیاں روڈوں پر دوڑتی دکھائی دیں گی۔

سندھ حکومت نے ابتدائی طور پر صوبائی دارالحکومت میں چند الیکٹرک گاڑیوں کو چلانے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے اور اس ضمن میں 7 نومبر کو گاڑیوں کی آزمائشی سروس بھی شروع کی گئی، جس دوران صحافیوں اور حکومتی عہدیداروں کو الیکٹرک بسوں پر سفر کروایا گیا،

الیکٹرک بسوں کی آزمائشی سروس کے موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے الیکٹرک بسوں کے حوالے سے صحافیوں کو معلومات بھی فراہم کی اور بتایا کہ مذکورہ الیکٹرک گاڑیاں بسیں 20 منٹ میں چارج ہوکر 240 کلومیٹر فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کے ہمراہ وزیر محنت سعید غنی، مشیر وزیر اعلیٰ سندھ جیل خانہ جات اعجاز جکھرانی،  ایڈمنسٹریٹر کراچی بیریسٹر مرتضیٰ وہاب، سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ، ایم ڈی ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کیپٹن (ر) الطاف حسین ساریو اور دیگر نے بھی آزمائشی سروس کا جائزہ لینے کے علاوہ الیکٹرک بسوں پر سفر بھی کیا۔

آزمائشی سروس شروع کیے جاتے وقت میڈیا سے بات کرتے وقت شرجیل میمن نے بتایا کہ پیپلز بس سروس کے دوسرے فیز کا آغاز ہوگیا، ماحول دوست بسوں کی 7 نومبر کو ٹیسٹ ڈرائیور کے بعد اب  10 روز کے اندر باقاعدہ بس سروس کا آغاز کردیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ جس کمپنی کے ساتھ الیکٹرک بسوں کے پروجیکٹ پر کام کر رہیں وہ شمسی توانائی کے سینٹرز بنائے گی جس سے یہ بسیں چارج کی جائیں گی, ابتدائی طور پر 50 الیکٹرک بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں ہماری کوشش ہے کہ کراچی میں الیکٹرک بسوں کا مینو فیچرنگ پلانٹ لگائیں جس کے لیے چین، یورپ اور مقامی کمپنیوں سے مذاکرات جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  ہماری کوشش ہے کہ کراچی میں دنیا کی 2 سے 3 بڑی کمپنیاں پلانٹ لگائیں جس سے سندھ میں  روزگار کے مواقع پیدا ہوں، یہ الیکٹرک بسیں، ہائبرڈ ڈیزل بسوں سے دگنا قیمت پر پاکستان آرہی ہیں کراچی میں پلانٹ لگنے سے ان کی درآمدی ڈیوٹی میں کمی آئے گی اور کم قیمت پر بسیں دست یاب ہوں گی۔

الیکٹرک بسوں کے حوالے سے پروجیکٹ ڈائریکٹر این آر ٹی سی صہیب شفیق نے بتایا کہ 12 میٹر بسوں میں 32 نشستیں عام شہریوں اور 2 نشستیں خصوصی افراد کے لیے ہیں اور 35 سے 40 افراد کھڑے ہو کر سفر کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مجموعی گنجائش 70 سے 90 افراد کی ہے، یہ بسیں 20 منٹ میں چارج ہوجاتی ہیں اور ایک چارج میں 240 کلومیٹر فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، بسوں کو چارج کرنے کے لیے یو پی موڑ بس ڈپو پر چارجنگ سسٹم لگایا گیا ہے۔

 

https://twitter.com/Jawadsarwarppp/status/1589923955993120768