سیلاب سے تباہ مکانات کی تعمیر کے لیے 50 ارب روپے کی منظوری

فوٹو: سندھ میٹرز

سندھ حکومت نے صوبےبھر میں بارشوں اور سیلاب سے تباہ ہونے والے 17 لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر کے لیے ابتدائی طور پر 50 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منطوری دے دی۔

سندھ بھر میں تباہ ہونے والے مکانات کی تعمیر پر مجموعی طور پر 160 ارب روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے مگر ابتدائی طور پر صوبائی حکومت نے 50 ارب روپے کی رقم جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات کی تعمیر کےلیے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

سیلاب سے سندھ میں 2 ہزار 444 ارب روپے کا نقصان ہوا، سندھ حکومت

اجلاس کو بتایا گیا کہ تباہ شدہ گھر کے ہر مالک کو تعمیر شروع کرنے کے لیے ابتدائی طور پر  50 ہزار روپے دیے جائیں گے اور جب تعمیر چار دیواری تک پہنچے گی تو باقی ڈھائی لاکھ روپے تعمیر مکمل کرنے کیلئے متعلقہ مالک کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے جائیں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ جن افراد کو گھروں کی تعمیر کے لیے رقم ادا کی جائے گی، ان کے بینک  اکاؤنٹس سندھ حکومت خود کھلوائے گی یا وہ خود  اکاؤنٹ کھلوائیں گے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق صوبے بھر میں سیلاب سے 17 لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور تمام تباہ شدہ مکانات کی تعمیر پر 160 ارب روپے لاگت آئے گی، ان میں سے عالمی بینک نے 110 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا ہے، اور باقی رقم کا انتظام صوبائی حکومت، وفاقی حکومت ، دیگر ذرائع اور عطیہ دہندگان کے ذریعے کی جارہی ہے۔