سندھ کی یونیورسٹیز میں ڈومیسائل کی شرط ختم، دوسرے صوبوں کے امیدوار تعینات ہوسکیں گے

فائل فوٹو: سندھ یونیورسٹی، فیس بک

صوبے بھر کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلر اور ڈائریکٹر فنانس کے امیدواروں کےلیے حکومت نے صوبے کے لازمی ڈومیسائل کی شرط ختم کردی، جس کے بعد پاکستان بھر سے امیدواروں نے یونیورسٹیز کے اعلیٰ عہدوں کے لیے درخواستیں دے دیں۔

اس سے قبل سندھ کی یونیورسٹیز میں وائس چانسلر اور ڈائریکٹر فنانس کے عہدوں سمیت تمام عہدوں کے لیے صوبے کے ڈومیسائل کا ہونا لازمی ہوتا تھا، باقی صوبوں میں تاحال پرانا قانون نافذ ہے مگر سندھ حکومت نے دوسرے صوبوں کے افراد کو بھی مواقع دینے کےلیے ڈومیسائل کی شرط ختم کردی۔

اس حوالے سے سکریٹری بورڈز و جامعات مرید راہموں نے میڈیا کو بتایا کہ اب پورے پاکستان اور بیرون ملک کے امیدوار بھی درخواست دے سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ کی 25 سرکاری جامعات میں ڈائریکٹر فنانس کے عہدے کے لیے 120 درخواستیں جب کہ 9 جامعات میں وائس چانسلر کے عہدے کے لیے 100 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور درخواستیں پورے ملک سے موصول ہوئی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 80 امیدواروں کو ڈائریکٹر فنانس کے ٹیسٹ کے لیے شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے تاہم وائس چانسلر کے لیے موصول شدہ درخواستوں کی جانچ کا عمل چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی عمرہ سے وطن واپسی کے بعد 27 نومبر سے شروع ہوگا۔

سکریٹری بورڈز و جامعات نے بتایا کہ بیرون صوبہ سے بھی امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں، ہم میرٹ پر اچھے امیدوار لگانا چاہتے ہیں اسی لیے صوبے کی کوئی قید نہیں رکھی۔

انہوں نے بتایاکہ ڈائریکٹر فنانس کے پاسنگ مارکس 50 سے 60 کردیے گئے ہیں اور  اگر ہمیں دوسرے مرحلے میں انٹرویو کے لیے زیادہ اہل افراد نہ ملے تو ہم دوبارہ اشتہار دے دیں گے لیکن اہلیت کے معاملے پر کسی بھی صورت مصلحت سے کام نہیں لیں گے۔

 اگر ہمیں دوسرے مرحلے میں انٹرویو کے لیے زیادہ اہل افراد نہ ملے تو ہم دوبارہ اشتہار دے دیں گے لیکن اہلیت کے معاملے پر کسی بھی صورت مصلحت سے کام نہیں لیں گے۔