سیلاب متاثرہ کاشت کاروں کو فی ایکڑ 5 ہزار روپے دینے کا فیصلہ

فائل فوٹو: فیس بک

سندھ حکومت نے سیلاب متاثرہ کاشت کاروں کو ربیع کے فصل کے لیے مفت بیج فراہم کرنے سمیت انہیں فی ایکڑ پانچ ہزار روپے دینے کا بھی فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ کے مشیر برائے زراعت منظور وسان نے وزیر اعلیٰ ہائوس میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس کو بتایا کہ حالیہ سیلاب سے 36لاکھ ایکڑ پر تیار فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کسانوں کو 421 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔

سیلاب سے تباہ مکانات کی تعمیر کے لیے 50 ارب روپے کی منظوری

                        منظور وسان نے بتایا کہ گندم کے مفت بیج کی فراہمی کے ساتھ کاشت کاروں کو کچھ معاوضہ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے جس کیلئے 13.5 ارب روپے درکار تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے 8.39 ارب روپے جبکہ وفاقی حکومت نے 4.7 ارب روپے کا حصہ ڈالا ہے، جس کے بعد اب کسانوں کو فی ایکڑ کے حساب سے نقد رقم بھی دی جائے گی۔

انہوں نےبتایا کہ 5 ہزار روپے فی ایکڑ کے تحت معاوضہ دینے کیلئے فنڈز کے طریقہ کار کے لیے تعلقہ اور ضلعی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ ڈی جی زراعت کے زیر نگرانی ایک صوبائی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔