سندھ حکومت نے کراچی پریس کلب کو 5 کروڑ کے فنڈ دے دیے

فوٹو: سندھ حکومت

سندھ حکومت نے دارالحکومت کراچی کے پریس کلب کو سالانہ فراہم کیے جانے والے پانچ کروڑ روپے کے فنڈز دے دیے۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے  سندھ حکومت کی جانب سے کراچی پریس کلب کو 5 کروڑ روپے گرانٹ کا چیک  دیا، صوبائی وزیر سے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور جنرل سیکرٹری رضوان بھٹی نے چیک وصول کیا۔

کراچی پریس کلب کو فندز کا چیک دیے جانے کے موقع پر سیکریٹری اطلاعات عبدالرشید سولنگی اور ڈائریکٹر ایڈمن اطلاعات محمد یوسف کابورو بھی موجود تھے۔ 

اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ گرانٹ سے پریس کلب کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے کاموں اور کلب میں سہولیات میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔

صوبائی وزیر نے پریس کلب کے عہدیداروں کو یقین دلایا کہ پریس کلب کے رہ جانے والے ممبران کو پلاٹس الاٹ کرنے کا مسئلہ بھی جلد حل کر دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کئے ہیں جب کہ اس موقع پر کراچی پریس کلب کےصدر اور سیکریٹری نے سندھ حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

خیال رہے کہ صوبائی حکومت سندھ کےدیگر شہروں کے پریس کلبس اور صحافتی تنظیموں کے علاوہ صحافیوں کو بھی سالانہ فنڈز فراہم کرتی ہے۔