حیدرآباد میں پیپلز بس سروس کا آغاز
فوٹو: سندھ حکومت
سندھ حکومت نے صوبے کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں بھی پیپلز بس سروس کا آغاز کردیا جب کہ مذکورہ سروس دارالحکومت کراچی اور لاڑکانہ میں پہلے ہی چل رہی ہے۔
پیپلز بس سروس حیدرآباد کے شہریوں کو تین دن تک مفت سفری سہولیات فراہم کرے گی، جس کے بعد شہریوں کو رعایتی کرائے پر سفری سہولیات دستیاب ہوں گی۔
پیپلز بس سروس کا افتتاح صوبائی وزیر اطلااعات وٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کیا، اس موقع پر شہریوں، سماجی کارکنان اور صحافیوں کی بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی۔
حیدرآباد میں بھی پیپلز بس سروس شروع کرنے کا اعلان
بس سروس کا افتتاح کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز بس سروس کراچی اور لاڑکانہ میں پہلے سے موجود ہے اور آج سے حیدرآباد میں بھی سروس کا آغاز ہوگیا جب کہ اگلے ماہ سے سکھر میں بھی پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی- انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے حیدرآباد کی ترقی کے لیے اربوں روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں جس سے حیدرآباد کا انفراسٹرکچر بہتر کیاجاسکے گا-
انہوں نے بتایاکہ پیپلز بس سروس کا معمولی کرایہ 20 سے 50 روپے تک ہوگا جبکہ پہلے تین (3)روزپیپلز بس سروس میں سفر کرنے والے لوگوں سے کوئی کرایہ نہیں لیا جائے گا – انہوں نے عوام سے کہا کہ ان بسوں کو اپنی بسیں سمجھتے ہوئے ان کی حفاظت کریںکیونکہ یہ بس سروس آپ کے ٹیکسزسے ہی مہیا کی گئی ہے۔
حیدرآباد کے پہلے پیپلز بس روٹ کا اعلان، 15 کلو میٹر تک بس چلے گی
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے حیدرآباد کی عوام کے لیے پیپلزبس سروس ایک تحفہ ہے اوربہت جلد حیدرآباد سے میرپور خاص اور دیگر روٹس پر بھی یہ سروس شروع کی جائے گی-
بس سروس کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کے حیدرآباد کے امور سے متعلق معاون خصوصی اور پی پی پی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر قریشی، پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری عاجز دھامراہ، ایم این اے سید طارق حسین شاہ ، ایم پی اے حنا دستگیر، قاضی پاشا،اطلاعات سیکرٹری حیدرآباد ڈویزن احسان ابڑو، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو ایم ڈی ماس ٹرانزٹ کیپٹن الطاف حسین ساریو، ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ کے علاوہ پیپلز پارٹی کے کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔