آئندہ سال جنوری میں کراچی و حیدرآباد میں بلدیاتی انتخاب ہوں گے، الیکشن کمیشن

فائل فوٹو: فیس بک

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے واضح کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری 2023 کو ہوں گے۔ 

دونوں شہروں میں گزشتہ ماہ اکتوبر میں الیکشن کمیشن نے تیسری بار بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے تھے۔

چیئرمین الیکشن کمیشن سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 22 نومبر کو پانچ رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا کہ سندھ کے دونوں شہروں میں آئندہ سال بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سنائے گئے فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ آئین کی شق 220 کے تحت حکومت سندھ، چیف سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پولنگ اسٹیشنز کی سکیورٹی، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران، پولنگ عملہ کی تعیناتی اور پولنگ کے مواد کی ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر تک منتقلی کیلئے خصوصی سیکورٹی انتظامات کریں ۔

کراچی میں تیسری بار بلدیاتی انتخابات ملتوی

وفاقی حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وزارت داخلہ کے ذریعے مناسب تعداد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سکیورٹی اہلکار فراہم کرے تاکہ کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں پرامن انداز میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔

کراچی اور حیدرآباد میں گزشتہ ماہ 23 اکتوبر کو انتخابات ہونے تھے مگر انہیں تیسری بار ملتوی کیا گیا تھا، اس سے قبل اگست میں انتخابات طے تھے جب کہ اس سے پہلے جولائی میں شیڈول کے مطابق پولنگ ہونی تھی۔

جولائی میں سیلاب اور بارشوں کے باعث انتخابات ملتوی کیے گئے تھے جب کہ اگست میں بھی سیلابی صورتحال کی وجہ سے انتخابات ملتوی کرنے پڑے جب کہ اس بار سیکیورٹی نفری کی عدم دستیابی کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی درخواست پر انتخابات ملتوی کیے۔

کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے علاوہ باقی صوبے میں مئی میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے اور صوبے بھر میں صوبائی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے اکثریت حاصل کی تھی۔