ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ سندھ کے امیدوار فیل ہونے کا انکشاف
فائل فوٹو: فس بک
پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم اے) کی زیر نگرانی ہونے والے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمشن ایم ڈی کیٹ 2022 کے گزشتہ ماہ ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج جاری کردیے گئے، جس میں سب سے زیادہ صوبہ سندھ کے امیدواروں کے فیل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
سندھ بھر میں ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ ڈائو میڈیکل یونیورسٹی نے لیے تھے، جس میں 45 ہزار کے قریب امیدواروں نے حصہ لیا تھا اور صوبے کے فیل ہونے والے امیدواروں کی تعداد تقریبا 48 فیصد ہے۔
ملک کے دوسرے صوبوں میں دوسری میڈیکل یونیورسٹیز نے ٹیسٹ لیے تھے۔
ملک بھر میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 42 ہزار 59 امیدواروں نے ٹیسٹ کے لیے فارم جمع کروائے تھے، جس میں سے 20 ہزار کے قریب امیدوار ٹیسٹ میں نہیں بیٹھے تھے، یعنی مجموعی طور پر ایک لاکھ 88 ہزار امیدوار ٹیسٹ کا حصہ بنے۔
ملک بھر میں مجموعی طور پاس ہونے والے امیدواروں کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 170 ہے اور مجموعی طور پر پاکستان بھر سے 47 ہزار امیدوار فیل ہوئے، جس میں سے سب سے زیادہ 21 ہزار سے زائد امیدواروں کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔
انگریزی اخبار دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں ڈائو میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے تحت ہونے والے امتحانات میں 20 ہزار 152 امیدوار فیل ہوئے جب کہ پاس امیدواروں کی تعداد 22ہزار 3 سو ایک تھی۔
اسی طرح ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب سے صرف 7 ہزار 6 سو 15 امیدوار فیل ہوئے جب کہ پاس امیدواروں کی تعداد 66 ہزار 7 سو 2 تھی، پنجاب کا ٹیسٹ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس لاھور نے لیا تھا۔
یوں خیبر پختونخواہ سے 13ہزار 7 سو 61 امیدوار فیل ہوئے جب کہ پاس امیدواروں کی تعداد 29 ہزار 7 سو 64 تھی اور ٹیسٹ خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے لیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان سے 4 ہزار 8 سو 57 امیدوار فیل ہوئے جب کہ پاس امیدواروں کی تعداد 4 ہزار 54 تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 1489 امیدوار ٹیسٹ میں فیل ہوئے جب کہ پاس امیدواروں کی تعدا 17349 تھی اور یہ ٹیسٹ ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد نے لیا تھا۔