سندھ ریسکو 1122 کا باضابطہ افتتاح

فوٹو: سندھ حکومت 

سندھ حکومت نے عالمی بینک کے تعاون سے شروع کیے گئے ریسکیو منصوبے1122 کا باضابطہ افتتاح کردیا۔

ریسکیو 1122 پہلے سےہی پنجاب میں کام کر رہا تھا لیکن وہ خالص صوبائی منصوبہ تھا اور اب سندھ حکومت نے بھی اسی طرز کا منصوبہ شروع کردیا اور اس کے ہیڈ کوارٹر کا بھی افتتاح کردیا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دیگر کابینا اراکین کے ہمراہ عالمی بینک کے تعاون سے دارالحکومت کراچی میں قائم کیے گئے ریسکیو 1122 کے ہیڈکوارٹر کا افتتاح کیا۔

ریسکیو 1122 کا ہیڈکوارٹر کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں بنایا گیا ہے۔

افتتاح کے لیے وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے پہنچنے پر ان کو ریسکیو کیڈٹس نے سلامی پیش کی۔

 

‎وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ریسکیو 1122 کے ہیڈ کوارٹر اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا وزٹ بھی کیا، جہاں انہیں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

ریسکیو 1122 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ریسکیو 1122 سندھ ایمرجنسی سروس عالمی بینک کے سندھ ریزیلنس پروجیکٹ کے تحت قائم کیا گیا ہے، سندھ حکومت کی جانب سے پہلی ریسکیو سروس کا آغاز کیا گیا ہے، اسٹیٹ آف آرٹ پوسٹ میڈیکل ہیلتھ فیسیلٹی کراچی کے 4 اضلاع میں اور لاڑکانہ میں شروع ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ریسکیو 1122 کے ذریعے ایمبولینس، فائر، اربن سرچ اینڈ ریسکیو اور واٹر ریسکیو سروس مہیا کی جائے گی، ریسکیو 1122 سروس کراچی، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، سجاول، قمبرشہداد کوٹ اور حیدرآباد میں موجود ہے، کل سے یہ سروس بدین میں بھی شروع ہو جائے گی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےبتایا کہ ہم نے 3 سال پہلے ریسکیو 1122 سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا، کے ایم سی، فائر بریگیڈ اور پولیس کو بھی اس سے لنک کیا ہے، ورلڈ بینک نے فنڈنگ کی، کے ایم سی نے جگہ دی، اب کمانڈ سینٹر تیار ہے جس میں 130 ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ شامل ہیں، اسے مزید بہتر کریں گے، ریسکیو 1122 کے لیے جدید سافٹ ویئر بنوایا ہے جبکہ یہاں کے علاوہ مزید 5 سینٹر بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ مرکزی شاہراہوں پر ہر 50 کلو میٹر پر ریسکیو سروس شروع کی جائے گی، جس کے لیے 107 کیڈٹس کو خصوصی تربیت دے کر ریسکیو کا کام دیا گیا ہے، مزید 315 کیڈٹس کی ٹریننگ جاری ہے۔