سندھ میں ملیریا سے یومیہ ایک ہزار افراد کے متاثر ہونے کا انکشاف
فائل فوٹو: فیس بک
سندھ بھر میں سیلاب کے بعد جہاں متعدد بیماریاں پھیلنے لگی ہیں، وہیں مچھروں کے کاٹنے کے بعد پیدا ہونے والی بیماریوں میں بھی تیزی دیکھی گئی ہے اور اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ صوبے بھر میں صرف ملیریا سے یومیہ ایک ہزار افراد متاثر ہو رہے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق جنوری کے دس روز میں صوبے بھر سے ملیریا کے 10 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ صوبے میں یومیہ ایک ہزار افراد ملیریا سے متاثر ہو رہے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ 10 روز میں 50 ہزار 46 افراد کی اسکریننگ کی گئی اور 10 ہزار 31 افراد میں ملیریا کے وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ سب سے زیادہ 2920 کیسز عمرکوٹ میں رپورٹ ہوئے اور سب سے کم ایک کیس کراچی کے ضلع غربی میں رپورٹ ہوا۔
محکمہ صحت کے مطابق دارالحکومے کراچی میں مجموعی طور پر 38 افراد ملیریا کا شکار ہوئے ہیں، متاثرہ افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال صوبے میں ملیریا سے 4 لاکھ افراد متاثر اور 24 افراد انتقال کرگئے تھے، تاہم رواں برس بارشوں اور سیلاب کے بعد ملیریا سمیت ڈینگی میں بھی صوبے میں اضافہ دیکھا گیا۔
صوبے کے سیلاب متاثرہ علاقوں سے تاحال سیلابی پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے ملیریا سمیت دیگر بیماریوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور یزاروں لوگ چند ماہ میں دو سے تین مرتبہ بھی ملیریا میں مبتلا ہوچکے ہیں۔