پیپلز پارٹی کے سعید غنی کے بھائی بلدیاتی سیٹ ہار گئے

فوٹو: اریبا فاطمہ، ٹوئٹر

صوبائی دارالحکومت کراچی میں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خرم شیر زمان سیٹ ہار گئے، وہیں پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی فرحان غنی بھی اپنی نشست نہ جیت سکے۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق فرحان غنی کو  ضلع جنوبی کے چنیسر ٹاؤن کی یوسی 3 سے چیئرمین کی نشست کے لیے ٹکٹ دیا گیا تھا اور توقع کی جا رہی تھی کہ وہ جیت جائیں گے مگر ایسا نہ ہوسکا۔

خلاف توقع فرحان غنی کو جماعت اسلامی کے شاہد فرمان نے شکست سے دوچار کیا۔

تحریک انصاف کے خرم شیر زمان یوسی کا انتخاب ہار گئے

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق جماعت اسلامی کے شاہد فرمان نے چار ہزار ایک سو پچپن ووٹ لے کر ضلع جنوبی کے چنیسر ٹاؤن کی یوسی 3 سے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔

یہاں یہ بات اہم ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی اور ان کا خاندان کئی دہائیوں سے کراچی کے علاقے چنیسر گوٹھ میں آباد ہیں، اسی علاقے سے سعید غنی رکن صوبائی اسمبلی بھی ہیں۔