بلدیاتی انتخابات: جماعت اسلامی کا دارالحکومت کراچی میں اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ

فوٹو: فیس بک

جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں دارالحکومت کراچی میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ تنہا شہر میں حکومت بنائیں۔

کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں 15 جنوری کو ہونے والے انتخابات کے نتائج کے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کے آنے والے غیر حتمی نتائج کے مطابق دونوں ڈویژنز میں صوبائی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) آگے ہے۔

 

تاہم جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا ہے کہ دارالحکومت کراچی میں انہوں نے اکثریت حاصل کرلی، انہیں نتائج نہیں دیے جا رہے۔

بلدیاتی انتخابات: کراچی سمیت حیدرآباد میں بھی پیپلز پارٹی آگے

اسی حوالے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں 25 فیصد ٹرن آؤٹ رہا ہے، کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کا ساتھ دیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں سادہ اکثریت کی طرف جارہے ہیں، جماعت اسلامی 100کے قریب نشستوں پر کامیاب ہوگئی ہے، 10 سے 15 یوسیز میں ابہام ہے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر کا کہنا تھا کہ کئی مقامات پر نتیجہ زبردستی تبدیل کرادیاگیا ہے، فارم 11 نہ لیتے تو ہمیں کنارے لگا دیا جاتا، جو آر اوز نتیجہ تبدیل کرنےکی کوشش کررہے ہیں انہیں روکا جائے، پیپلز پارٹی اور الیکشن کمیشن کسی کو اس کےحق سے محروم نہ کریں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن کا نتیجہ فارم 11کے مطابق آنا چاہیے، جماعت اسلامی نے بہت محنت کی ہے، جماعت اسلامی کے میئر کو آنے سے زبردستی روکا گیا تو سارے آپشن موجود ہیں.