کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کونسل کیسے بنے گی؟

فائل فوٹو: فیس بک 

صوبائی دارالحکومت کراچی میں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے بعد زیادہ تر لوگوں کے ذہن میں سوالات جنم لے رہے ہیں کہ جب شہر میں 246 سیٹس ہیں تو کونسل ارکان کی تعداد 367 کیسے اور کیوں ہوگی؟

دارالحکومت کراچی  میں 7اضلاع اور 25ٹاؤنز  ہیں جب کہ شہر بھر میں  246یونین کونسلز ہیں۔

ضلع وسطی کے 5ٹاؤنز میں یونین کمیٹیوں کی تعداد 45ہے، ضلع شرقی کے5ٹاؤنز میں43یونین کمیٹیاں ہیں،  ضلع کورنگی کے 4ٹاؤنز میں 37یو سیز ہیں، ضلع غربی میں 3ٹاؤنز میں 33یوسیز ہیں ضلع کیماڑی کے 3ٹاؤنز میں 32یوسیز ہیں،  ضلع ملیر کے 3ٹاؤنز میں 30یوسیز ہیں جب کہ ضلع جنوبی کے 2 ٹاؤنز میں 26 یوسیز ہے۔

تمام یونین کونسلرز کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کونسل کے ارکان ہوں گے جو کہ اسمبلی کی طرح کام کرے گی۔

بلدیاتی انتخابات: کراچی سمیت حیدرآباد میں بھی پیپلز پارٹی آگے

شہر بھر سے منتخب ہونے والے تمام ارکان میٹروپولیٹن کونسل کے رکن ہونگے، تاہم میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کونسل 367 ارکان پر مشتمل ہو گی اور مذکورہ کونسل   121مخصوص نشستوں کے ارکان کا بھی انتخابا کرے گی، میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 121مخصوص نشستوں پر ارکان کا انتخاب کونسل کے 246ارکان کرینگے۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 81خواتین، 12مزدور ، 12 نوجوانوں کی مخصوص نشستیں شامل ہیں، میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 12اقلیتی ارکان، 2خواجہ سرا اور 2معذور افراد کی مخصوص نشستیں بھی شامل ہیں  جب کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 367ارکان شہر کا میئر منتخب کریں گے۔

کراچی شہر میں 25 ٹاؤنز ہیں ہر ٹاؤن کا ایک منتخب ناظم ہوگا ہر یو سی کا منتخب وائس چیئرمین ٹاؤن کونسل کا رکن ہو گا۔ٹاؤن کونسل کے ارکان خواتین، مزدور، نوجوان، اقلیت، خواجہ سرا اور معذور کی مخصوص نشستوں پر انتخاب کرینگے ۔