دارالحکومت کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے میدان مارلیا
فوٹو: فیس بک
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 15 جنوری کو دارالحکومت کراچی اور حیدرآباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج 30 گھنٹوں بعد جاری کردیے، جن کے مطابق صوبائی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے دونوں ڈویژنز میں میدان مار لیا۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ غیر حتمی نتائج کے مطابق دارالحکومت کراچی کے 235 یونین کونسلز میں سے پیپلز پارٹی 93 نشستوں پر کامیاب ہوکر پہلے نمبر پر ہے۔
غیرحتمی نتیجے کے مطابق جماعت اسلامی نے 235 میں سے 86 نشستوں میں کامیابی حاصل کرکے دوسرا نمبر حاصل کیا۔
نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) 40 نشستوں کے ساتھ تیسرے پر ہے۔
بلدیاتی انتخابات: کراچی سمیت حیدرآباد میں بھی پیپلز پارٹی آگے
کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے غیرحتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) 7 نشستوں کے ساتھ چوتھے، جمعیت علمائے اسلام 3 نشستوں کے ساتھ پانچویں، تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) 2 اور مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے ایک نشست حاصل کی اور 3 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شہر کی 246 میں سے 235 یونین کمیٹیز میں انتخابات ہوئے جب کہ 10 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے انتخابات ملتوی ہوئے، ایک نشست پر پیپلزپارٹی کا چیئرمین پینل بلا مقابلہ جیت چکا ہے۔
حیدرآباد میں بھی پیپلز پارٹی کو برتری حاصل
الیکشن کمیشن نے تاحال حیدرآباد ڈویژن کے نتائج جاری نہیں کیے، تاہم حیدرآباد ڈویژن کے اضلاع کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے جن میں مجموعی طور پر پیپلز پارٹی کو واضح برتری حاصل ہے۔
ضلع حیدرآبادکی 160 یوسیزمیں سے 149 کے نتائج جاری کردیےگئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی 93 یوسیزپرکامیاب ہوئی، پیپلزپارٹی کے 31 امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے تھے۔
حیدرآباد میں تحریک انصاف 38 یوسیزپرکامیابی کے بعد دوسرے نمبرپرہے جب کہ تحریک لبیک پاکستان دو اورجماعت اسلامی ایک یوسی پرکامیاب ہوئی ہے۔
ان کے علاوہ 15 یوسیزپر آزاد امیدوارکامیاب ہوئے ہیں جب کہ 6 یوسیزپرامیدواروں کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی ہوئے اور 5 یوسیزکے نتائج آنا باقی ہیں۔