کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں دوسرے نمبر پر آنے کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج
کراچی بلدیاتی الیکشن کے مکمل نتائج کا اعلان ہونے کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے انتخابی نتائج پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔
سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی بلدیاتی الیکشن میں بڑی پارٹی بن کرسرفہرست آئی، پولنگ ایجنٹوں کے نتائج واضح ہیں کہ جماعت اسلامی اکثریت میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج میں تاخیر شکوک و شبہات بڑھا رہی ہے، جماعت اسلامی کے علاوہ دیگرجماعتوں کے انتخابی نتائج میں بھی ردوبدل کی جا رہی ہے، اپیل کرتا ہوں ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں۔
دارالحکومت کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے میدان مارلیا
دوسری جانب ترجمان کے مطابق جماعت اسلامی نے آج ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے جبکہ سراج الحق نے منصورہ میں اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے مطابق جماعت اسلامی دارالحکومت کراچی میں دوسرے نمبر پر ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کراچی کی تمام 235 یونین کونسلز(یوسیز) کےنتائج جاری کردیے گئے ہیں۔
نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی 93 یوسیز میں کامیابی کے بعد سرفہرست ہے جبکہ جماعت اسلامی 86 یوسیز میں کامیابی کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔