سندھ حکومت 2021 میں اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامی رقم دینے میں ناکام
سندھ حکومت کی جانب سے دو سال قبل میٹرک اور انٹرمیڈیئیٹ کے امتحانات میں اے ون گریڈ حاصل کرنے والے ڈیڑھ لاکھ طلبہ کو اعلان کردہ فی کس 25 ہزار روپے کی انعامی رقم تاحال نہ دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
سندھ حکومت نے اس وقت نمایاں نمبرز اور گریڈز حاصل کرنے والے صوبے کے تمام طلبہ میں انعامی رقم تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سندھ کے سات ہی تعلیمی بورڈز میں ایک لاکھ 52 ہزار 1010 طلبہ نے 2021 میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں A-1 گریڈ حاصل کیا تھا۔
صوبائی حکومت نے ان اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈ دینے کا وعدہ کیا تھا اور سات تعلیمی بورڈز کو تین ارب 80 کروڑ روپے سے زائد کی رقم فراہم کی جانی تھی، تاہم حکومت کی جانب سے بظاہر عدم دلچسپی اور غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے یہ اعلیٰ کارنامے ابھی تک اپنے ایوارڈ کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب سال 2022 میں A-1 گریڈ حاصل کرنے والوں کا ایک اور بیج اسی وعدے کے لیے قطار میں کھڑا ہے۔
انگریزی اخبار دی نیوز کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے سیکریٹری نے اس صورتحال سے مکمل طور پر لاعلم ہونے کا دعویٰ کیا، انہوں نے الزام لگایا کہ جن لوگوں نے 2021 میں اے ون گریڈ حاصل کیا تھا انہیں پہلے ہی رقم سے نوازا جا چکا ہے، تاہم بعد ازاں انہوں نے مذکورہ معاملے پر مکمل تفتیش کروانے کا وعدہ بھی کیا۔