سندھ حکومت کا کراچی میں خواتین کے لیے پنک بس سروس چلانے کا اعلان
فوٹو: شرجیل انعام میمن، ٹوئٹر
صوبائی حکومت نے دارالحکومت کراچی میں خواتین کے لیے خصوصی پنک بس سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ترتیب وار مذکورہ سروس کو صوبے کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے گا۔
وزیر اطلاعات اور ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اپنی ٹوئٹ میں پنک بسز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صوبائی حکومت جلد دارالحکومت کراچی میں پنک بس سروس کا آغاز کرے گی۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ ’پنک بس سروس’ کا باقاعدہ آغاز یکم فروری 2023 کو کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ خواتین کیلئے مخصوص پنک بس سروس پہلے مرحلے میں کراچی کے دو روٹس پر چلائی جائے گی۔
ابتدائی طور پر ایک روٹ ماڈل کالونی سے براستہ شاہراہ فیصل، میٹروپول، آئی آئی چندریگر روڈ سے میری ویدر ٹاور تک چلائی جا رہی ہے جبکہ دوسرا روٹ میری ویدر ٹاور سے صدر کے راستے ضلع سینٹرل تک جائے گا جو بعد میں چلایا جائے گا۔
پنک بس سروس خواتین کے لئے مخصوص پاکستان کی پہلی پبلک ٹرانسپورٹ سروس ہوگی۔
Transport department government of Sindh is going to start Pakistan’s First bus service only for the women and girls exclusively. Inshallah Pink buses will start their operation from 1st February in #Karachi. Peoples Bus Service, At Your Service. pic.twitter.com/6T1rQUK3qm
— Sharjeel Inam Memon (@sharjeelinam) January 26, 2023
پنک بس سروس کیلئے ابتدائی مرحلے میں 8 بسیں حاصل کی گئی ہیں۔ پہلا روٹ کامیاب ہونے کی صورت میں دوسرے روٹ کے لئے بسیں تیار کی جائیں گیں۔
پنک بس سروس کا کرایہ 50 روہے ہوگا۔ پنک بس سروس کا آغاز یکم فروری سےکیاجائےگا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے پنک بس سروس کے لیے بسوں کی خریداری کرلی ہے۔ یہ بس کراچی پہنچ چکی ہیں اور سروس فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت سندھ کی طرف سے دارالحکومت کراچی میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے ہیں۔
اس سے قبل 4 جون 2022 کو پیپلز بس سروس پروجیکٹ کے کُل 7 روٹس میں سے پہلے روٹ پر کمرشل آپریشن شروع کرنے کی امید کے ساتھ حکومت سندھ نے چین سے درآمد شدہ بسوں کا آزمائشی سفر کا آغاز کیا تھا جنہوں نے بغیر کسی رکاوٹ کے 29 کلومیٹر کا سفر کامیابی سے طے کیا تھا۔
بعدازاں 14جنوری 2023 کو کراچی میں پیپلز بس سروس پروگرام کے تحت پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس سروس کا آغاز کیا گیا تھا، جس کا روٹ کراچی ایئرپورٹ سے سی ویو تک ہے۔