پیپلز پارٹی کا مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی بنانے کا فیصلہ
صوبائی حکمران جماعت اور بلدیاتی انتخابات میں دارالحکومت کراچی سمیت سندھ بھر میں اکثریت حاصل کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی نے مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ بھر میں میئرز، ڈپٹی میئرز، ضلعی چیئرمینز اور دیگر کے انتخابات 15 جون کو ہوں گے۔
کے ایم سی کے367 میں سے 366 کے ایوان کا انتخاب مکمل ہوچکا ہے جب کہ ایک یوسی چیئرمین کی نشست کا معاملہ عدالت میں ہے۔
میئر کراچی کے لیے 179 ووٹ کی سادہ اکثریت درکار ہے جو کہ کسی پارٹٰ کے پاس نہیں اور اتحاد کے بغیرکوئی بھی پارٹی تنہا حیثیت میں میئر نہیں لاسکتی۔
اس وقت مخصوص نشستیں ملنےکے بعد پیپلزپارٹی کی مخصوص نشستوں کے ساتھ کے ایم سی میں 155نشستیں ہوگئی ہیں،جماعت اسلامی کی 130، تحریک انصاف کی 62، مسلم لیگ ن کی 14 نشستیں ہیں جب کہ جے یو آئی کی 4 اور ٹی ایل پی کی ایک نشست ہے۔
میئر کے انتخابات کے دن قریب آتے ہی پیپلز پارٹی نے میئر کے امیدوار کا نام فائنل کرلیا مگر اس کا باضابطہ اعلان چند دن بعد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے میئرکراچی اورڈپٹی میئر کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کے لیے مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر کے لیے سلمان مراد امیدوار ہونگے، میئر کیلئے مرتضیٰ وہاب کا نام مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی ایک وفاقی وزیر کی سفارش پر فائنل کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میئرکراچی اور ڈپٹی میئر کے ناموں کاباضابطہ اعلان نثارکھوڑو کریں گے۔