پہلی بار پورے سندھ میں پیپلز پارٹی کے میئر، ڈپٹی میئرز اور چیئرمینز منتخب

سندھ کے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار پورے سندھ میں میئر، ڈپٹی میئر اور ضلعی چیئرمین منتخب ہوگئے، تاہم بعض اضلاع میں جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں کے چیئرمینز بھی منتخب ہوگئے، دارالحکومت کراچی میں بھی پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا۔

صوبے کے سب سے بڑے ڈویژن کراچی میں پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر جب کہ مراد سعید ڈپٹی میئر ہوگئے۔

سندھ کے دوسرے بڑے ڈویژن حیدرآباد میں بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے، وہاں کاشف شورو میئر اور صغیر قریشی ڈپٹی میئر منتخب ہو گئے۔

سکھر ڈویژن میں بھی پیپلز پارٹی ارسلان شیخ بلامقابلہ میئر جب کہ ڈاکٹرارشد مغل ڈپٹی میئر منتخب ہوگئے۔

لاڑکانہ ڈویژن میں بھی پیپلز پارٹی کے انور علی لہر میئر اور محمد امین شیخ ڈپٹی میئر منتخب ہوگئے۔

شہید بینظر آباد ڈویژن میں پیپلز پارٹی کے قاضی محمد راشد بھٹی بلامقابلہ میئر اور مبشر علی آرائیں ڈپٹی میئر منتخب ہوئے۔

اسی طرح میرپورخاص ڈویژن میں بھی عبدالرؤف غوری میئر اور جنید بلند ڈپٹی میئر بن گئے۔

مجموعی طور پر سندھ کی 22 ضلع کونسل میں سے 20 اور 36 میونسپل کمیٹیز میں سے 30 جب کہ 141 ٹاؤن کمیٹیز میں سے 121 امیدوار پیپلز پارٹی کے منتخب ہوئے۔

اسی طرح صوبے کے 44 ٹاؤنز میونسپل کارپوریشنز میں سے 27 پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جب کہ صرف 6 ٹاونز پر جماعت اسلامی اور 3 پر پی ٹی آئی کے چیئرمینز کامیاب ہوئے۔